
کھاریاں:(رپورٹ/تحریر: میاں طاہر رشید صدیقی)بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات محض عہدوں کے حصول کا عمل نہیں بلکہ وکلا برادری کے جمہوری شعور، باہمی اتحاد، پیشہ ورانہ وقار اور اجتماعی ذمہ داریوں کے اظہار کا ایک معتبر موقع ہیں۔ یہ انتخابات نئی قیادت کے انتخاب کے ساتھ ساتھ قانون کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی، وکلا کے حقوق کے تحفظ اور بار کی مضبوطی کے عزم کی تجدید کا پیغام بھی دیتے ہیں۔
کھاریاں بار ایسوسی ایشن کا انتخابی عمل باہمی احترام، شائستگی، رواداری اور اعلیٰ جمہوری روایات کے مطابق پایہ تکمیل کو پہنچے اور منتخب قیادت وکلا برادری کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے بار کے وقار، اتحاد اور ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے کیونکہ بار کی مضبوطی، وکلا کا اتحاد اور قانون کی سربلندی ہی سب کی مشترکہ منزل ہونی چاہیے ۔
کھاریاں بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 12 دسمبر 2026ءکو پنجاب بار کونسل کی ہدایات اور جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔ ماضی کی روایت کے برعکس اس مرتبہ انتخابات جنوری کے دوسرے ہفتے کے بجائے دسمبر میں منعقد کیے جا رہے ہیں جس کے باعث وکلاءبرادری میں انتخابی سرگرمیاں معمول سے قبل ہی زور پکڑ گئی ہیں۔
ان انتخابات میں 850 سے زائد وکلاءاپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں خواتین وکلا، اوورسیز پاکستانی وکلائ، لوئر کورٹس اور ہائی کورٹ کے ممبران بھی شامل ہیں۔ یہ انتخابات نہ صرف بار کی آئندہ قیادت کے تعین کے حوالے سے اہمیت رکھتے ہیں بلکہ کھاریاں کی وکلاءبرادری کے جمہوری شعور، باہمی اتحاد اور ادارہ جاتی روایات کا بھی مظہر ہوں گے۔
کھاریاں بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں صدر، جنرل سیکرٹری،نائب صدر، فنانس سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری، لائبریر ی سیکرٹری اور آڈیٹر سمیت سات اہم عہدوں پر انتخاب ہوگاجبکہ ایگزیکٹو باڈی کے دس ممبران بھی منتخب کیے جائیں گے۔ دونوں بڑے انتخابی گروپس کی جانب سے ایگزیکٹو باڈی کی دس نشستوں کے لیے دس، دس امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے جبکہ دیگر سات عہدوں کے لیے بھی دونوں گروپس کے سات، سات امیدوار انتخابی عمل میں حصہ لیں گے۔ اس طرح مجموعی طور پر 34 امیدوار 17 نشستوں کے حصول کے لیے انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزمائیں گے اور کامیاب ہونے والے 17 امیدوار آئندہ سال کے لیے نئی ایگزیکٹو باڈی تشکیل دیں گے۔
کھاریاں بار میں مختلف چھوٹے بڑے گروپس اور انتخابی دھڑے موجود ہیں، تاہم باہمی مشاورت اور انتخابی اتحاد کے نتیجے میں ان کی اکثریت دو بڑے انتخابی اتحادوں، الائنس گروپ اور اتحاد الائنس گروپ، کے ساتھ وابستہ ہو چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مرتبہ انتخابی مقابلہ دو مضبوط پینلز کے درمیان ہونے کی توقع ہے۔
دونوں گروپس نے اپنی انتخابی حکمت عملی مرتب کر لی ہے اور اپنے امیدواروں کی کامیابی کے لیے بھرپور رابطہ مہم شروع کر رکھی ہے۔انتخابات کا وقت قریب آتے ہی وکلاءسے ملاقاتوں، دعوتوں، حمایتی کارنر میٹنگز، مشاورتی نشستوں اور انتخابی رابطوں میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
بار رومز میں امیدواروں کی فلیکسز آویزاں ہیں جبکہ جی ٹی روڈ اور شہر کے اہم مقامات پر انتخابی ہولڈنگز اور تشہیری بینرز بھی انتخابی ماحول کی رونق بڑھا رہے ہیں۔ اخبارات، سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور ویب چینلز پر بھی انتخابی سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جا رہا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ کھاریاں کی وکلاءبرادری ایک مرتبہ پھر اپنے روایتی جمہوری جوش و جذبے کے ساتھ انتخابی عمل میں شریک ہونے کے لیے تیار ہے۔

الائنس گروپ کی جانب سے صدر کے عہدے کے لیے چوہدری محبوب علی ڈھولہ ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری کے لیے چوہدری عمیر ساجد ایڈووکیٹ، نائب صدر کے لیے آصف رفیق لون ایڈووکیٹ، فنانس سیکرٹری کے لیے میڈم نائلہ سلیم جنجوعہ ایڈووکیٹ،جوائنٹ سیکرٹری کے لیے سید سمیع الحسن شاہ ایڈوو کیٹ اور لائبریری سیکرٹری کے لیے عدیلہ اکرم ایڈووکیٹ امیدوار ہیں، جبکہ آڈیٹر کے عہدے کے امیدوار کا نام تاحال سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب مدمقابل اتحاد الائنس گروپ نے بھی اپنے امیدواروں کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس پینل کی جانب سے صدر کے عہدے کے لیے چوہدری محمد طارق امرہ ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری کے لیے چوہدری زاہد عالم ایڈوو کیٹ،نائب صدر کے لیے مرزا محمد آصف امین ایڈووکیٹ، جوائنٹ سیکرٹری کے لیے شیخ برکات منیر سیٹھی ایڈووکیٹ، فنانس سیکرٹری کے لیے ذکیہ رسول ایڈووکیٹ، لائبریری سیکرٹری کے لیے رانا شہریار خالد ایڈووکیٹ اور آڈیٹر کے لیے ملک سنول حسین ایڈووکیٹ انتخابی میدان میں موجود ہیں۔اس مرتبہ کے انتخابات کا ایک قا ذکر پہلو خواتین وکلاءکی بھرپور نمائندگی بھی ہے۔
دونوں انتخابی پینلز میں تین خواتین امیدوار مختلف عہدوں کے لیے حصہ لے رہی ہیں، جو وکلاءبرادری میں خواتین کی بڑھتی ہوئی عملی شرکت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ ایگزیکٹو ممبران سمیت دیگر امیدواروں کی حتمی فہرست کاغذات نامزدگی جمع ہونے، جانچ پڑتال اور انتخابی مراحل مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔
بار ایسوسی ایشن کھاریاں کے سالانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے، جس کے چیئرمین چوہدری محمد رفیق ایڈووکیٹ ہیں، جبکہ ممبران میں ملک محمد نواز ایڈووکیٹ اور سید شفقت حسین نقوی ایڈووکیٹ شامل ہیں۔ الیکشن بورڈ کی ذمہ داریوں میں انتخابی عمل کو شفاف، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انداز میں مکمل کرانا بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کے بعد ابتدائی فہرست 18 نومبر 2026ءکو صبح 9 بج کر 30 منٹ سے سہ پہر 3 بجے تک بار روم میں آویزاں کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی پر اعتراضات اور ان کی جانچ پڑتال 20 نومبر کو صبح 11 بجے مین بار روم ہال میں ہوگی، جس میں امیدواروں کے ساتھ ان کے تجویز کنندگان اور تائید کنندگان کی موجودگی بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 23 نومبر بروز پیر شام 4 بجے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اہل امیدواروں کی حتمی فہرست 24 نومبر بروز منگل آویزاں کی جائے گی۔ انتخابی عمل کا اہم ترین مرحلہ 12 دسمبر 2026ءکو سامنے آئے گا، جب صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک مین بار روم ہال میں پولنگ ہوگی۔ اس روز وکلاءاپنے ووٹ کی طاقت سے آئندہ سال کے لیے بار کی قیادت اور ایگزیکٹو باڈی کا انتخاب کریں گے۔
کھاریاں بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کی سب سے خوبصورت اور قابل فخر روایت یہ رہی ہے کہ یہاں انتخابی مقابلہ عموماً خوشگوار، دوستانہ اور پرامن ماحول میں منعقد ہوتا ہے۔ انتخابی مہم کے دوران دونوں گروپس اپنے امیدواروں کی کامیابی کے لیے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ پولنگ کے روز نعرے بازی، انتخابی سرگرمیاں اور اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں بھرپور حمایت دیکھنے کو ملتی ہے، لیکن اس تمام تر جوش و جذبے کے باوجود باہمی احترام، رواداری اور بھائی چارے کی روایات کو مقدم رکھا جاتا ہے۔
یہی وہ مثبت طرز عمل ہے جو کھاریاں بار کو ایک منفرد شناخت عطا کرتا ہے۔ یہاں انتخابی اختلافات کو ذاتی دشمنیوں میں تبدیل کرنے کے بجائے جمہوری عمل کا فطری حصہ سمجھا جاتا ہے۔ امیدوار ایک دوسرے کے مد ِقابل ضرور ہوتے ہیںمگر پیشہ ورانہ تعلقات، احترام اور باہمی محبت کو انتخابی مقابلے کی نذر نہیں ہونے دیتے۔
درحقیقت ایک مہذب بار کی پہچان صرف اس کے منتخب نمائندے نہیں بلکہ اس کی وہ روایات بھی ہوتی ہیں جو اختلاف رائے کے باوجود اتحاد اور یکجہتی کو برقرار رکھتی ہیں۔انتخابات کا نتیجہ سامنے آنے کے بعد انتخابی گروپ بندی اور مقابلے کی فضا بتدریج پس منظر میں چلی جاتی ہے اور تمام وکلاءکامیاب ہونے والی قیادت کے ساتھ مل کر بار کے اجتماعی مفادات، وکلاءکی فلاح و بہبود، قانونی برادری کے مسائل کے حل اور ادارے کے وقار کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
یہی جمہوری طرز فکر کسی بھی مضبوط اور باوقار ادارے کی اصل بنیاد ہوتا ہے۔امید کی جانی چاہیے کہ الیکشن بورڈ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری، غیر جانب داری اور خوش اسلوبی سے انجام دے گا اور انتخابی عمل کو شفاف، منصفانہ اور مثالی بنائے گا۔ تمام امیدواروں اور انتخابی گروپس سے بھی توقع ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی کرتے ہوئے مثبت، مہذب اور تعمیری انتخابی مہم کو فروغ دیں گے۔یہ بات بھی پیش نظر رہنی چاہیے کہ بار ایسوسی ایشن محض ایک انتخابی ادارہ نہیں بلکہ وکلاءکے پیشہ ورانہ تشخص، قانونی حقوق، اجتماعی مسائل اور فلاح و بہبود کی نمائندہ تنظیم ہے۔ اس لیے انتخابی کامیابی کو کسی گروپ کی انفرادی فتح کے بجائے پوری بار کی اجتماعی کامیابی تصور کیا جانا چاہیے۔
بلاشبہ 12 دسمبر 2026ءکا دن کھاریاں بار کی انتخابی تاریخ میں ایک اہم دن ہوگا۔ اس روز 850 سے زائد ووٹرز اپنے ووٹ کے ذریعے آئندہ سال کی قیادت کا فیصلہ کریں گے۔ مقابلہ سخت ہوگا، امیدوار اپنی کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کریں گے اور دونوں انتخابی اتحاد اپنی اپنی کامیابی کے لیے پرامید ہوں گے، لیکن اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب انتخابی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہو، نتائج کو خندہ پیشانی سے قبول کیا جائے اور کامیاب و ناکام تمام امیدوار کھاریاں بار کے وسیع تر مفاد میں متحد ہو جائیں۔آخر میں یہی کہنا بجا ہوگا کہ انتخابات میں جیت کسی ایک پینل کی ہو سکتی ہے، لیکن کھاریاں بار کی عزت، وقار، اتحاد اور ترقی کی جیت پوری وکلاءبرادری کی مشترکہ کامیابی ہے۔یہی وہ خوبصورت روایت ہے جسے برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔



