لاہور (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو حکومتِ پنجاب کی گڈ گورننس، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی پروگراموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے وفد کو صوبائی حکومت کے انتظامی امور اور اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔
نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کی جانب سے پنجاب میں گڈ گورننس اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو سراہا گیا۔ وفد کو پنجاب کے مختلف شہروں کے مطالعاتی دوروں کی دعوت بھی دی گئی۔
میرٹ اور سفارش سے پاک نظام
مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم سب کو پاکستانی بن کر پاکستان کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ عوامی خدمت کے لیے سفارش اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
"ایسا نظام بنانا چاہتے ہیں جہاں کسی شہری کو اپنے جائز کام کے لیے سفارش کی ضرورت نہ پڑے۔”
خواتین کو یکساں مواقع
وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین کو محض نمائشی حیثیت دینے کے بجائے انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواتین صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں، پرانی سوچ اور روایات کو تبدیل کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو روزگار کے مواقع کے ساتھ معیاری سرکاری خدمات فراہم کرنا بھی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
یادگاری سووینئر اور گروپ فوٹو
اس موقع پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے وزیراعلیٰ کو یادگاری سووینئر پیش کیا، جبکہ وزیراعلیٰ اور وفد کی گروپ فوٹو بھی بنائی گئی۔ ورکشاپ کے شرکاء نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کو مفید اور معلوماتی قرار دیا۔



