پاکستانتازہ ترین

بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کا آج سے آغاز

ننکانہ صاحب میں 22 سے 24 نومبر تک تقریبات، دنیا بھر سے قریباً 25 ہزار سکھ یاتریوں کی شرکت متوقع، سکیورٹی اور سہولیات کے جامع انتظامات مکمل

لاہور (بیوروچیف): بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کا آج بروز اتوار سے ننکانہ صاحب میں باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر انتظامات

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق سکھ یاتریوں کی سہولت، مہمان نوازی اور سکیورٹی کے لیے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاروں کی ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں، جبکہ تمام اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

سکھ یاتریوں کے لیے رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ، میڈیکل اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ گوردوارہ جات میں کرنسی ایکسچینج، بینکنگ اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

سکیورٹی کے خصوصی اقدامات

گوردوارہ جات اور تقریبات کے مقامات پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ یاتری بلاخوف و خطر اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔ سکھ یاتریوں کی خدمت، سہولت اور سکیورٹی کے لیے 3 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی، عزت و احترام اور بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے مطابق پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی اور احترام حاصل ہے، اور پاکستانی قوم سکھ برادری سے بے پناہ محبت اور احترام رکھتی ہے۔

سندھ سے دو خصوصی ٹرینیں ننکانہ صاحب پہنچ گئیں

قبل ازیں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ سندھ سے سکھ یاتریوں کو لے کر دو خصوصی ٹرینیں ننکانہ صاحب پہنچ گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر رعنا حمید کی زیر قیادت ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ننکانہ صاحب پہنچنے والے سکھ یاتریوں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ یاتریوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں ہار پہنا کر خوش آمدید کہا گیا۔ سندھ سے آنے والے سکھ یاتریوں کو خصوصی شٹل سروس کے ذریعے گوردوارہ جات منتقل کیا جا رہا ہے۔

تقریبات کا شیڈول

بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز 22 نومبر سے ہو گا جو 24 نومبر تک جاری رہیں گی۔ تقریبات میں دنیا بھر سے قریباً 25 ہزار سکھ یاتریوں کی شرکت متوقع ہے، جبکہ بھارت سے بھی 3091 سکھ یاتری ننکانہ صاحب آئیں گے، جن کی آمد 22 نومبر کو متوقع ہے۔

جنم دن کی تقریبات میں شرکت کرنے والے سکھ یاتری پاکستان سے محبت، بھائی چارے اور خوشگوار یادوں کا پیغام لے کر واپس جائیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button