لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بابا گورو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص پنجاب امن، محبت، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سرزمین ہے۔
سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں
مریم نواز نے کہا کہ سکھ برادری کے لیے پاکستان میں مقدس مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بابا گورو نانک امن، محبت اور بھائی چارے کے علمبردار ہیں۔ پاکستان آنے والے سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں اور ان کی مہمان نوازی اور سہولت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مذہبی رواداری اور مذہبی سیاحت
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی آمد پر پرتپاک استقبال پاکستان کی مذہبی رواداری اور روایتی مہمان نوازی کا مظہر ہے۔ پنجاب حکومت تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مریم نواز کے مطابق مذہبی سیاحت کا فروغ پاکستان کا مثبت اور پرامن تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرنے کا ذریعہ ہے۔
سکیورٹی فورسز کی ستائش
ادھر مریم نواز نے پشاور کے نواحی علاقے متنی میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔ وزیراعلیٰ نے مستونگ میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر بھی سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
حسین نقی کے انتقال پر اظہار افسوس
مریم نواز نے سینئر صحافی حسین نقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے خوشاب سکیسر روڈ پر ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے جاں بحق ہونے پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔



