
وقت کو بدلتے اورتخت کو پلٹتے دیر نہیں لگتی۔ کبھی بھی اپنے حالات پرغرورنہ کریں، کیونکہ دولت ایک جھٹکے میں، خوبصورتی ایک بیماری میں اورعزت ایک غلطی سے فنا ہوجاتی ہے۔ زندگی کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ انسان عروج کے دنوں میں زوال کو بھول جاتا ہے، طاقت کے نشے میں کمزوری کو فراموش کردیتا ہے اور اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر سمجھنے لگتا ہے کہ اب اس سے کوئی حساب لینے والا نہیں۔ حالانکہ وقت نہ کسی کا رشتہ دار ہے، نہ کسی کا وفادار، نہ کسی کے عہدے سے مرعوب ہوتا ہے۔
اس کا پہیہ چلتا رہتا ہے، آج جو دوسروں کے فیصلے لکھتا ہے، کل خود کسی فیصلے کا منتظر ہوسکتا ہے۔۔۔دنیا کی تاریخ ایسے کرداروں سے بھری پڑی ہے ۔۔۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی تازہ ترین مثال ہمارے سامنے ہے۔ دونوں ایران میں رجیم چینج کا خواب دیکھ رہے تھے۔

ان کا خیال تھا کہ دباؤ، دھمکیوں اور طاقت کے استعمال سے ایران کی حکومت کو تبدیل کیا جاسکتا ہے، لیکن اس کھیل میں حالات نے ایسے رخ بدلے کہ خود ان کی سیاسی پوزیشن، حکمت عملی اور فیصلے سوالات کی زد میں آگئے۔ دوسروں کے اقتدار کو بدلنے نکلے تھے، اپنے لیے مشکلات کا سامان کر بیٹھے۔ دنیا کو یہ پیغام ایک بار پھر ملا کہ کسی ملک، کسی قوم اور کسی نظام کو اپنی مرضی کے مطابق چلانا اتنا آسان نہیں ہوتا جتنا طاقت کے ایوانوں میں بیٹھ کر دکھائی دیتا ہے۔۔۔۔اقتدار کا غرورصرف حکمرانوں کو نہیں اندھا کرتا، ان کے اردگرد موجود خوشامدیوں کی آنکھوں پربھی پٹیاں باندھ دیتا ہے۔۔۔۔
پاکستان میں بھی اس سارے منظرنامے سے سبق حاصل کرنے کیلئے بہت کچھ موجود ہے۔ یہاں کچھ لوگوں نے امریکی صدر ٹرمپ کی چھتری تلے اپنا اقتدار محفوظ رکھنے کے خواب دیکھے۔ کبھی ان کیلئے نوبل انعام کی سفارشیں کی گئیں، کبھی ان کی شخصیت کے قصیدے پڑھے گئے، کبھی ان کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے ایسے ایسے ترانے بجائے گئے جیسے دنیا کے تمام مسائل کا حل صرف وائٹ ہاؤس میں بیٹھے ایک شخص کے پاس ہو، گویا پاکستان کی سیاست نہیں، کسی امریکی صدر کی خوشنودی ہماری سب سے بڑی قومی ضرورت بن گئی تھی۔۔۔۔
حیرت تو یہ ہے کہ جو لوگ ایک غیر ملکی صدر کی خوشنودی کے لیے اتنی محنت کررہے تھے، انہیں اپنے ملک کے لوگوں کی خوشنودی کی کبھی فکر ہی نہیں ہوئی۔ یہاں اختلاف کرنے والوں کیلئے مشکلات، سوال اٹھانے والوں کیلئے پابندیاں، آواز بلند کرنے والوں کیلئے مقدمات اور سیاسی مخالفین کیلئے زمین تنگ کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
اقتدارکو مضبوط بنانے کیلئے ہر وہ راستہ اختیارکیا گیا جس سے مخالف آواز کمزورہو، مگریہ خیال کسی کو نہیں آیا کہ طاقت کے استعمال سے وقتی خاموشی تو خریدی جاسکتی ہے، دلوں میں جگہ نہیں بنائی جاسکتی۔۔۔۔یہ کیسا تضاد ہے کہ ایک طرف دنیا کو جمہوریت، انسانی حقوق اور آزادی کے لیکچر دیے جاتے ہیں، دوسری طرف اپنے ہی ملک میں اختلافِ رائے کو برداشت کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ باہر سے حمایت حاصل کرنے کیلئے سفارتی دروازے کھٹکھٹائے جاتے ہیں، مگر اندرعوام کے دلوں کے دروازے بند ہوتے چلے جاتے ہیں۔
اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے لوگ شاید یہ سمجھتے ہیں کہ چند عالمی شخصیات کی حمایت انہیں ہمیشہ کیلئے محفوظ بنا دے گی۔ انہیں کون سمجھائے کہ بیرونی سہارے حکومتوں کو وقتی آکسیجن تو دے سکتے ہیں، مگر عوامی اعتماد کا متبادل نہیں بن سکتے ۔۔۔ دنیا میں کوئی عہدہ مستقل نہیں، کوئی کرسی ہمیشہ کیلئے مخصوص نہیں اور کوئی طاقت وقت سے بڑی نہیں۔۔۔۔
پاکستان کے حکمرانوں اوراقتدار کے شراکت داروں کیلئے بھی ایک کھلا سبق ہے۔ ٹرمپ کی خوشامد، نوبل انعام کی سفارشیں اورعالمی طاقتوں کی قربت اپنی جگہ، لیکن اصل امتحان اپنے لوگوں کے سامنے ہوتا ہے۔ تاریخ میں حکمرانوں کو ان کے بیرونی تعلقات سے زیادہ ان کے اپنے عوام کے ساتھ سلوک کی بنیاد پریاد رکھا جاتا ہے۔۔۔اقتدار کی چھتری ہمیشہ سایہ نہیں دیتی، کبھی یہی چھتری طوفان میں سب سے پہلے اڑجاتی ہے۔۔۔
آخرکارہرطاقت کو ایک دن اپنی حد کا اندازہ ہوجاتا ہے۔ تاریخ کا پہیہ کسی کے حکم پرنہیں رکتا۔ بڑے بڑے فاتح وقت کے سامنے بے بس ہوئے، ناقابلِ تسخیرسمجھی جانے والی سلطنتیں مٹی میں مل گئیں، تخت و تاج قصہ پارینہ بن گئے۔۔۔۔ حکمرانوں کو سمجھنا چاہیے کہ اقتدارکوئی ذاتی جاگیر نہیں، عوام کی امانت ہے۔ کرسی پر بیٹھ کر انسان خود کو مالک سمجھنے لگتا ہے، حالانکہ وہ محض ایک عارضی مسافر ہوتا ہے۔ آج اس کے پاس اختیار ہے تو کل کسی دوسرے کے پاس ہوگا۔ آج اس کے نام کے نعرے لگ رہے ہیں تو کل کوئی اس کا نام لینے والا بھی نہیں ہوگا۔
اصل عزت وہ نہیں جو پروٹوکول، طاقت اورخوف سے حاصل کی جائے، اصل عزت وہ ہے جو انسان کے جانے کے بعد بھی لوگوں کے دلوں میں باقی رہے۔۔۔۔دنیا کے طاقتورحکمرانوں سے لے کر پاکستان کے اقتدار کے ایوانوں تک، سب کیلئے ایک ہی پیغام ہے، دوسروں کو بدلنے، گرانے اوران کی تقدیرلکھنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا سیکھیں۔ کیونکہ وقت جب حساب لینے پرآتا ہے تو نہ سفارش کام آتی ہے، نہ خوشامد، نہ عالمی سرپرستی اورنہ اقتدار کی چھتری۔۔۔۔ وقت کو بدلتے اورتخت کو پلٹتے دیر نہیں لگتی، جو آج دوسروں کی حکومتیں گرانے اورعوام کو جھکانے کے نشے میں ہیں، کل انہیں اپنی کرسی بچانے کیلئے بھی کوئی چھتری نہیں ملے گی۔



