معروف صحافی مجاہد بریلوی نے ایک جگہ لکھا تھا کہ ان کی والدہ کہا کرتی تھیں کہ پاکستان میں صحافت محض قلم گھسیٹنے کا کام ہے، مگر کچھ صحافی ایسے ہوتے ہیں جو قلم کو کمان سمجھ کر مورچۂ صحافت میں پڑاؤ ڈالتے ہیں۔

مظہر عباس بھی اسی قبیل کے صحافی ہیں جو دشتِ صحافت میں سچ کی خاک چھان رہے ہیں۔ بہت آسان ہے کہ آپ حکمران طبقے یا طاقت کے اصل مراکز کے کاسہ لیس بن جائیں اور ہر قسم کی سہولت سے فیض یاب ہو جائیں۔ اس کے بدلے کرنا کیا ہوتا ہے؟ بس دن رات انہی بدعنوان حکمران طبقات کی مدح سرائی کرنی ہے۔ بدقسمتی سے وطنِ عزیز کی صحافت کا یہی چلن بن چکا ہے۔
ہم لوگ جو خود کو صحافی اور حق و سچ کا داعی ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، درحقیقت ہم نے طاقتوروں کی خوشنودی حاصل کرنے کی تگ و دو کو صحافت کا نیا نام دے دیا ہے۔ ہم صحافی کم اور مخبر زیادہ لگتے ہیں، جو اپنے ہی ساتھیوں کی قربانیوں کو فراموش کر کے حکمران طبقات کے درباری بن جاتے ہیں۔
پیکا (PECA) ایکٹ کے بعد، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) ہو یا PFUJ کے دیگر دھڑے، کراچی، لاہور یا اسلام آباد کے پریس کلب ہوں، کہیں بھی مؤثر احتجاج دیکھنے میں نہیں آتا کیونکہ ہم لوگ ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور وزارتِ اطلاعات و نشریات کے شکنجے میں جکڑے ہوئے لوگ ہیں۔
مظہر عباس الگ قبیل کے صحافی ہیں۔ ان کی کتاب”Media Under the Shadow of Death” پاکستانی صحافت کی بے بسی کی کہانی ہے۔ یہ ان قلمی کمان لیے صحافت کے مورچہ زنوں کی روداد ہے جو جان کی بازی ہار گئے۔ یہ موسیٰ خان خیل، ولی بابر خان، حیات اللہ خان، سلیم شہزاد اور ارشد شریف جیسے شہداء کی داستانِ حیات ہے۔
ہماری صحافی قیادت اپنے ان ساتھیوں کو فراموش کر چکی ہے۔ ابھی دو دن قبل ارشد شریف کی برسی تھی؛ کس صحافی قیادت نے اسے یاد رکھا؟ کسی نے نہیں! کیا کوئی پریس ریلیز جاری ہوئی؟ کیا کسی نے سوشل میڈیا پر کوئی پوسٹ لگائی؟ بالکل نہیں۔
مگر مظہر عباس نے ان ساتھیوں کو دل کے ساتھ لگا کر رکھا ہے۔ انہوں نے نہ صرف اپنی کتاب کا انتساب ان کے نام کیا بلکہ ان کی کہانیاں بھی رقم کیں۔ پھر کراچی پریس کلب اور PFUJ کی تاریخ بھی لکھی کہ کیسے صحافیوں کی پہلی ٹریڈ یونین کا قیام عمل میں لایا گیا۔
مظہر عباس نے یہ جو رودادِ صحافت لکھی ہے، یہ ہم جیسے قلم مزدوروں کی کہانی ہے، جن کی آواز کو ہر دور میں دبایا جاتا ہے۔ پچھلے تین سال پاکستان کی صحافت کا سب سے سیاہ ترین دور ہیں، اور یہی اس کتاب کی اصل کہانی ہے۔



