پاکستانتازہ ترین

مریم نواز کا پنجاب ڈیٹا لیک متعارف کرانے کا اعلان، چینی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت

لاہور (سلمان حسین) — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کا پہلا مخصوص ڈیٹا سینٹر اور Punjab Data Lake متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے چینی ٹیکنالوجی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور انفراسٹرکچر کے شعبے سے وابستہ اداروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے دورۂ چین کے دوران بگ ڈیٹا انڈسٹری ایکسپو 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ڈیٹا، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کو حکمرانی کے نظام کا اہم حصہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نئے ڈیجیٹل نظام کے مرکز میں ریاستی سطح کا مشترکہ ڈیٹا انجن OneMap موجود ہے، جس کے ذریعے 31 محکموں سے حاصل ہونے والا 12 ٹیرا بائٹس سے زیادہ جغرافیائی ڈیٹا اور 6 ہزار سے زائد ڈیٹا سیٹس کو ایک مربوط نظام میں شامل کیا جا رہا ہے۔

مریم نواز کے مطابق OneMap منصوبہ بندی، زمین سے متعلق تنازعات کے حل اور بہتر شہری ترقی میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ پنجاب حکومت OneMap کو پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری کے ساتھ بھی منسلک کر رہی ہے، جس سے حکومت شہریوں کی ضروریات کو زیادہ بہتر انداز میں سمجھنے، وسائل کو مؤثر طریقے سے ہدف بنانے اور مستحق افراد تک خدمات پہنچانے کے قابل ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان تمام نظاموں کے پس منظر میں پنجاب ڈیٹا لیک بھی تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب میں پہلے مخصوص ڈیٹا سینٹر کا قیام صوبے کی خودمختار ڈیجیٹل صلاحیت کو مزید مضبوط کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی محض دو ممالک یا حکومتوں کے درمیان تعلق نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ مستقبل کے یقین پر مبنی مضبوط رشتہ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاک چین دوستی کو اب ڈیٹا، ٹیکنالوجی اور مشترکہ جدت کے نئے شعبوں تک لے جانے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق دنیا ڈیٹا کی حقیقی اہمیت کو مکمل طور پر تسلیم بھی نہیں کر رہی تھی جب چینی ماہرین نے اس کی اہمیت کو سمجھ لیا تھا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیٹا محض انتظامی امور کا تکنیکی نتیجہ نہیں بلکہ بنیادی اور اہم انفراسٹرکچر کی حیثیت رکھتا ہے۔ پنجاب پاکستان کا سب سے زیادہ مصنوعی ذہانت سے مستفید ہونے والا صوبہ ہے اور صوبائی حکومت مصنوعی ذہانت کے ذریعے تبدیلی کے عمل کا حصہ بننے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایسا ڈیجیٹل گورننس نظام تشکیل دیا جا رہا ہے جہاں قابل اعتماد ڈیٹا، شناخت، عوامی خدمات، انفراسٹرکچر، توانائی، مالیاتی نظام اور معاشی مواقع ایک دوسرے سے مربوط ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ 12 کروڑ 80 لاکھ آبادی والے پنجاب کی حکمرانی نے یہ بنیادی اصول سکھایا ہے کہ ڈیٹا کو صرف جمع نہیں کیا جانا چاہیے بلکہ اسے عملی اقدامات میں تبدیل ہونا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت ایک خودمختار اور محفوظ کلاؤڈ، ڈیجیٹل شناخت، باہمی طور پر مربوط حکومتی نظام اور مصنوعی ذہانت پر مبنی عملدرآمد کا نظام تشکیل دے رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے اپنا مخصوص AI Office قائم کیا ہے تاکہ مصنوعی ذہانت کو حکمرانی کے مرکز میں لایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈیٹا کسی کاروباری شخص کو روایتی ضمانت کے بغیر اپنی مالی ساکھ ثابت کرنے میں مدد دے تو یہ حقیقی تبدیلی ہے۔ اسی طرح اگر ڈیٹا حکومت کو کمزور اور مستحق خاندانوں کی درست نشاندہی اور انہیں مؤثر امداد کی فراہمی میں مدد دے تو یہ حقیقی عوامی قدر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ڈیٹا کسانوں کو بروقت معلومات اور ہدفی معاونت فراہم کرے تو یہ حقیقی ترقی ہوگی۔ پنجاب کا اگلا مرحلہ صرف زیادہ سے زیادہ ڈیٹا جمع کرنا نہیں بلکہ اسے عملی طور پر استعمال کرنا ہے۔

چینی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں چینی کمپنیوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے چینی ٹیکنالوجی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور انفراسٹرکچر کے شعبے کے قائدین کو پنجاب کے ساتھ شراکت داری کی دعوت دی۔

ہواوے کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت

دریں اثنا مریم نواز نے وفد کے ہمراہ چین میں Huawei حکام سے بھی ملاقات کی اور کمپنی کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

ملاقات میں پنجاب کے ایک ہزار نوجوانوں کو ہواوے ماسٹر ٹرینر کے طور پر تربیت دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ پنجاب کی 300 خواتین ٹرینرز کو بھی ہواوے کی جانب سے مصنوعی ذہانت کی تربیت فراہم کی جائے گی۔

ملاقات کے دوران پنجاب کو مصنوعی ذہانت سے لیس صوبہ بنانے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ ہواوے اور حکومت پاکستان کے درمیان اشتراک کو مؤثر بنانے کے لیے فوکل پرسن مقرر کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو مصنوعی ذہانت کے میدان میں آگے لے جانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم کو مبارکباد

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قائد نواز شریف کی بصیرت کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوئی ہے اور وہاں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔

نیپال میں سیلاب پر اظہار افسوس

مریم نواز نے نیپال میں طوفانی بارشوں اور شدید سیلاب کے باعث قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button