
راولپنڈی:( رپورٹ:محمد قیصر چوہان )ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے اوپنر طیب عارف اور مڈل آرڈر بیٹسمین محمد طحہ سمیت کپتان بابراعظم اور سعود شکیل کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے پہلے دن سری لنکا کے خلاف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنا لیے۔
خراب روشنی کے باعث پہلے دن صرف 67.2 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا،دوسرے روز کھیل پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے مابین ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے سلسلے میں 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میںکھیلے جانے والے پہلے میچ میں سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

مہمان ٹیم نے پچ کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی تجربہ کار اسپنر کو شامل نہیں کیا، اسکواڈ میں 4 فاسٹ بولرز شامل ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے چار کھلاڑیوں کو ڈیبیو کرایا گیا جن میں اوپنر طیب عارف، مڈل آرڈر محمد طحہٰ، آل رائونڈر عرفات منہاس اور فاسٹ بولر ثاقب خان شامل ہیں۔
فاسٹ بولنگ کیلئے سازگار وکٹ پر پاکستان کی نوجوان افتتاحی جوڑی نے عمدہ کھیل پیش کیا۔پاکستان کی پہلی وکٹ 86 رنز، دوسری وکٹ 90 رنز، تیسری وکٹ 159رنز، چوتھی وکٹ 227 رنز اور پانچویں وکٹ 253 رنز کے مجموعی اسکور پر گری۔اوپنر اذان اویس 30 رنز بنا کر ملن رتنائیکے کی گیند پر وکٹ کیپر کوشال مینڈس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے جبکہ دوسرے اوپنر محمد طیب عارف 57 رنز بنا کر اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر وکٹ کیپر کوشال مینڈس کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو کر پوئلین سدھار گئے۔
کپتان بابر اعظم 50 رنز بنا کر دلشان مدوشانکا کی گیند پر وکٹ کیپر کوشال مینڈس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ محمد طحہٰ 51 رنز اور سلمان علی آغا 16 رنز پر آو¿ٹ ہوئے۔سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 112 گیندوں پر 57 رنز ناﺅٹ آﺅٹ بنائے، ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل ہیں۔وکٹ کیپر بیٹسمین غازی غوری 7رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
دن کے آخری سیشن میں پاکستان نے 67 رنز بنائے اور 2 وکٹیں گنوائیں۔ خراب روشنی کے باعث 67.2 اوورز کے بعد کھیل روک دیا گیا۔میچ کے پہلے روز سری لنکن بولرز نے زیادہ تر فاسٹ بائولنگ کی، تاہم اوورز کی رفتار سست رہی، کھیل کے اختتام پر پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہے۔



