کراچی (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لاڑکانہ میں زیر تعمیر 600 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال کا منصوبہ جولائی 2028 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو تعمیراتی کام کی رفتار تیز کرنے اور معیار یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں اسپتال منصوبے کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ، سیکریٹری صحت طاہر سانگی، پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ، پیراگون کنسٹرکٹرز، ای اے کنسلٹنگ، لینگڈن ولسن انٹرنیشنل کے نمائندگان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ 600 بستروں پر مشتمل اسپتال کی 94 فیصد پائلنگ مکمل ہوچکی ہے جبکہ تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور منصوبے پر 24 گھنٹے تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
بریفنگ کے مطابق منصوبے پر اب تک ایک ارب 86 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے جاچکے ہیں۔
جدید طبی سہولیات سے آراستہ اسپتال قائم ہوگا
حکام نے بتایا کہ جدید اسپتال میں ایمرجنسی، انتہائی نگہداشت یونٹ، جدید آپریشن تھیٹرز اور جدید تشخیصی سہولیات قائم کی جائیں گی۔ طبی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے جدید اطلاعاتی نظام اور ڈیجیٹل طبی ریکارڈ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ لاڑکانہ کا 600 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال نہ صرف شہر بلکہ پورے خطے کے لاکھوں افراد کو معیاری علاج معالجے کی سہولت فراہم کرے گا اور ایک جدید طبی مرکز ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت صحت کے شعبے میں تاریخی سرمایہ کاری کررہی ہے اور عوامی صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اسپتال کو عالمی معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے اور اسے جدید طبی آلات سے آراستہ کرنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی مکمل کی جائے۔
طبی عملے اور آلات کی پیشگی منصوبہ بندی کی ہدایت
مراد علی شاہ نے تمام متعلقہ اداروں کو منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت کی جبکہ چیف سیکریٹری کو انتظامی مسائل کے فوری حل کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ اسپتال کی تعمیر مکمل ہونے سے قبل طبی عملے، ضروری آلات اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی جامع منصوبہ بندی کی جائے تاکہ منصوبہ مکمل ہوتے ہی عوام کو طبی خدمات فراہم کی جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ذریعے کام کی رفتار برقرار رکھیں تاکہ جدید اسپتال مقررہ مدت میں مکمل ہوسکے۔



