گھوٹکی (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پانچ روزہ دورے پر سندھ پہنچ گئے، جہاں پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت اور کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، مخدوم زین قریشی، جنید اکبر، مینا خان آفریدی، شفیع جان، ایم این اے عامر ڈوگر اور عادل بازئی سمیت دیگر مرکزی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، جنرل سیکرٹری مسرور سیال، میاں اسلم، میر افتخار سمیت صوبائی قیادت اور دیگر رہنماؤں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور مرکزی قائدین کا استقبال کیا۔
سہیل آفریدی رحیم یار خان ایئرپورٹ سے ریلی کی صورت میں سندھ پنجاب بارڈر کموں شہید پہنچے، جہاں پی ٹی آئی کارکنان اور شہریوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
کموں شہید میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کے عوام جانتے ہیں کہ گزشتہ دو دہائیوں سے یہاں کس کی حکومت ہے، تاہم اب زرداری راج کے خاتمے کا وقت آگیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ کے عوام بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ 27 ستمبر کے لیے جاری اسٹریٹ موومنٹ آج سندھ میں داخل ہورہی ہے اور ان شاء اللہ 27 ستمبر کو پورا پاکستان سڑکوں پر ہوگا۔
سندھ کا فیصلہ عوام کریں گے: سلمان اکرم راجہ
پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سندھ کا فیصلہ یہاں کے عوام کریں گے۔ ان کے مطابق جعلی حکمرانوں کو سندھ کی دھرتی کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا کوئی حق نہیں۔
مخدوم زین قریشی نے کہا کہ سندھ کی دھرتی اب تبدیلی کے لیے تیار ہے اور عوام ظلم کی سلاخیں توڑنے کے لیے تیار ہیں۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی قائدین عمران خان کا پیغام لے کر سندھ آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پیپلز پارٹی سے بیزار ہوچکے ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ سندھ کے پانی کا سودا کرنے والے سندھ کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے 27 ستمبر کی تیاریوں کے حوالے سے سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔
سندھ میں پی ٹی آئی کی سرگرمیوں کا شیڈول
حلیم عادل شیخ کے مطابق 4 ستمبر کو جیکب آباد سے قافلہ شکارپور، گڑھی یاسین، شہدادکوٹ، قمبر، لاڑکانہ، ٹنڈو مستی اور نوشہروفیروز جائے گا۔
5 ستمبر کو نوشہروفیروز سے نوابشاہ، قاضی احمد، سانگھڑ اور میرپورخاص کے بعد عمرکوٹ پہنچا جائے گا، جبکہ 6 ستمبر کو عمرکوٹ سے میرپورخاص، ٹنڈو الہیار اور حیدرآباد سے ہوتے ہوئے کراچی پہنچنے کا پروگرام ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے کارکنوں سے 27 ستمبر کی مجوزہ تحریک کے لیے بھرپور تیاریوں کی اپیل کی ہے۔



