معاشی پالیسی سازی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ضروری ہے: چیئرمین سینیٹ
کاروباری برادری کو سینیٹ کی متعلقہ قائمہ کمیٹیوں میں تجاویز پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا، ٹیکسوں، ریگولیٹری مشکلات اور پالیسیوں میں عدم تسلسل پر توجہ دینا ہوگی؛ یوسف رضا گیلانی کا لاہور چیمبر سے خطاب
لاہور (بیورو چیف) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مؤثر معاشی پالیسی سازی کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ضروری ہے۔ کاروباری برادری کو سینیٹ کی متعلقہ قائمہ کمیٹیوں، بالخصوص خزانہ، معاشیات، تجارت اور صنعت سے متعلق کمیٹیوں میں اپنا مؤقف اور تجاویز پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر، سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی، نائب صدر چودھری خادم حسین، رکن قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی، سابق صدر میاں مصباح الرحمان اور میاں عزیز الرحمان چن نے بھی اظہارِ خیال کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ٹیکسوں سے متعلق مسائل، ریگولیٹری مشکلات، پالیسیوں میں عدم تسلسل اور کاروباری لاگت میں اضافہ کاروباری برادری کے حقیقی مسائل ہیں، جن کے حل کے لیے سنجیدہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے لاہور کو تجارت، صنعت اور کاروباری سرگرمیوں کا اہم مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی کاروباری برادری روزگار کی فراہمی، صنعتی ترقی اور ملکی خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ سینیٹ ایسا قانونی اور پالیسی ماحول تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کرے گی جو کاروبار کے فروغ، جائز کاروباری مفادات کے تحفظ اور قومی معاشی ترجیحات کے حصول میں معاون ثابت ہو۔ انہوں نے لاہور چیمبر پر زور دیا کہ وہ پارلیمانی اداروں کے ساتھ رابطے اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھے تاکہ کاروباری طبقے کے مسائل مؤثر انداز میں متعلقہ فورمز تک پہنچائے جا سکیں۔
کاروباری قوانین اور ریگولیٹری مشکلات کا جائزہ لینے پر زور
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی حسام اصغر نے چیئرمین سینیٹ پر زور دیا کہ کاروبار سے متعلق قوانین کا جائزہ لینے، ریگولیٹری مسائل حل کرنے اور کاروبار دوست ماحول کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے تجویز پیش کی کہ کاروباری برادری کی براہِ راست نمائندگی یقینی بنانے کے لیے لاہور چیمبر کے صدر کو سینیٹ کی متعلقہ معاشی قائمہ کمیٹیوں کا ایکس آفیشیو رکن بنایا جائے۔
علی حسام اصغر نے کہا کہ بعض قوانین اور ضابطہ جاتی اقدامات نے کاروبار کرنے میں آسانی اور کاروباری لاگت کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے مختلف ریگولیٹری قوانین کے تحت صنعتی و تجارتی اداروں پر چھاپوں، ایف آئی آرز کے اندراج اور گرفتاریوں جیسے معاملات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے کاروباری طبقے میں تشویش اور عدم تحفظ پیدا ہو رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کاروباری برادری قوانین پر عمل درآمد اور اصلاحات کے خلاف نہیں، تاہم ان پر عمل درآمد کا طریقہ کار ایسا ہونا چاہیے جس سے کاروباری افراد کو ہراسانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
صدر لاہور چیمبر نے چیئرمین سینیٹ سے درخواست کی کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر کاروبار سے متعلق قوانین اور ضوابط کا جائزہ لینے کے لیے ایک مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ کاروباری مشکلات دور ہوں اور ملک میں سرمایہ کاری و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔



