1970ء کے عوامی مینڈیٹ کو نہ ماننے والے آج 9 نشستوں پر بھی اعتراض کر رہے ہیں: محمد غوث قادری
ہر انتخاب کے بعد احتجاجی سیاست کے بجائے عوامی فیصلے کا احترام کیا جائے، صدر مسلم لیگ (ن) یو اے ای کا بیان
دبئی (خصوصی نمائندہ) صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) یو اے ای محمد غوث قادری نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے 1970ء کے عام انتخابات میں شیخ مجیب الرحمن کی 160 نشستوں پر مشتمل عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا، وہ آج مسلم لیگ (ن) کی 9 نشستوں پر بھی اعتراضات اٹھا رہے ہیں۔
اپنے جاری کردہ بیان میں محمد غوث قادری نے کہا کہ جمہوری نظام میں عوامی فیصلے کا احترام ہی سیاسی استحکام، قومی یکجہتی اور جمہوریت کے تسلسل کی بنیاد ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر انتخاب کے بعد بے بنیاد الزامات، نتائج کو متنازع بنانے کی کوششیں اور مسلسل احتجاجی سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ آئینی، جمہوری اور قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں اور قومی مسائل کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت سیاسی استحکام، معاشی بہتری اور قومی اتحاد کی ضرورت ہے، اس لیے تمام سیاسی قوتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
محمد غوث قادری نے مزید کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، تاہم قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے سیاسی برداشت، مکالمے اور آئینی عمل کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔



