پاکستانتازہ ترین

پنجاب میں لائیوسٹاک کا سنہرا دور شروع، ایک سال میں 4 لاکھ مویشی تیار، 11 ارب روپے منافع متوقع

مریم نواز کا پنجاب کو خطے کا لائیوسٹاک ہب بنانے کا عزم، اینیمل ایکسپورٹ میں 43 فیصد اضافہ؛ لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے فی مویشی 27 ہزار روپے کی معاونت، میٹ ویلیو چین میں 65 ارب روپے کی نجی سرمایہ کاری متوقع

لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں لائیوسٹاک کے شعبے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور حکومت پنجاب کا ہدف صوبے کو خطے میں لائیوسٹاک کا اہم مرکز بنانا ہے۔ ان کے مطابق ایک سال کے دوران چار لاکھ مویشی تیار کیے گئے ہیں، جبکہ مزید مویشیوں کی تیاری کا عمل جاری ہے۔ لائیوسٹاک کے شعبے میں جاری اقدامات سے دیہی فارمرز کو 11 ارب روپے منافع متوقع ہے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق لائیوسٹاک کارڈ کے تحت فارمرز کو ہر مویشی کے چارے، ونڈا اور دیگر ضروری اخراجات کے لیے 27 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد مویشی پالنے والوں کو مالی معاونت دینا، جانوروں کی بہتر نگہداشت کو فروغ دینا اور گوشت کی پیداوار و برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔

مویشیوں کی برآمدات میں 43 فیصد اضافہ

پنجاب میں جانوروں کی بیماری فٹ اینڈ ماؤتھ ڈیزیز (FMD) سے پاک کمپارٹمنٹس کے قیام کو بھی برآمدات بڑھانے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق صوبے میں 8 ایف ایم ڈی کمپارٹمنٹس نوٹیفائی کیے جا چکے ہیں، جبکہ رواں سال مزید 7 کمپارٹمنٹس قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔

ان کمپارٹمنٹس کے قیام سے پنجاب کے مویشیوں کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی دینے اور چین، یورپ اور امریکہ سمیت مختلف خطوں کو برآمدات کے امکانات بڑھانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق پنجاب سے جانوروں کی برآمدات میں 43 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ لائیوسٹاک کارڈ سے منسلک پروگرام کے تحت 129,581 مویشی برآمد کیے گئے۔

گوشت کی صنعت میں سرمایہ کاری کے منصوبے

حکومت پنجاب گوشت کی پیداوار، پراسیسنگ اور برآمدات کے فروغ کے لیے جدید بنیادی ڈھانچے کی تیاری پر بھی کام کر رہی ہے۔ منصوبے کے تحت 5 میٹ پراسیسنگ پلانٹس اور 5 جدید سلاٹر ہاؤسز قائم کیے جانے کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ میٹ پیکنگ ہاؤسز، کمرشل اسکیل فیڈلاٹس اور کارپوریٹ فیڈلاٹس کے قیام کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

حکومت کی جانب سے لائیوسٹاک کے شعبے میں مربوط سرمایہ کاری کے لیے 19 ارب روپے کی فنانسنگ سبسڈی فراہم کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ میٹ ویلیو چین میں 65 ارب روپے کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

پنجاب میں پہلی مرتبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ایف ایم ڈی ویکسین کی تیاری کا یونٹ قائم کرنے کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا ہے، جس میں 28 ارب روپے کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ اس اقدام سے مویشیوں کی بیماریوں کی روک تھام اور بین الاقوامی معیار کے مطابق برآمدات کے فروغ میں مدد ملنے کی امید ہے۔

مختلف شہروں سے مویشیوں کی برآمدات

فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق لاہور سے 20 ہزار، بہاولپور سے 24,297، فیصل آباد سے 12,529، گوجرانوالہ اور گجرات سے مجموعی طور پر 21 ہزار، ملتان سے 27 ہزار، سرگودھا سے 22 ہزار اور ساہیوال سے 2,661 مویشی برآمد کیے گئے۔

لائیوسٹاک کنیکٹ سسٹم کے تحت 1,725 فیٹننگ فارمز، 20 برآمدی مذبح خانوں، 88 میٹ ایکسپورٹرز اور 34 میٹ ٹریڈرز کے ساتھ براہ راست رابطے قائم کیے گئے ہیں۔ اس نظام کا مقصد فارمرز کو کاروباری اداروں اور برآمد کنندگان سے منسلک کرکے سپلائی چین کو بہتر بنانا ہے۔

دیہی خواتین فارمرز کی تعداد میں اضافہ

وزیراعلیٰ مریم نواز کے مطابق لائیوسٹاک کارڈ کے اجرا کے بعد پنجاب میں دیہی خواتین فارمرز کی تعداد 90 سے بڑھ کر 1,107 تک پہنچ گئی ہے۔ حکومت کا ارادہ ہے کہ پنجاب کے لائیوسٹاک فارمرز کو قومی برآمد کنندگان اور بین الاقوامی تجارتی ویب سائٹس سے منسلک کیا جائے تاکہ انہیں اپنی پیداوار کے لیے وسیع منڈیاں میسر آ سکیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو خطے میں لائیوسٹاک کا مرکز بنانے کے لیے فارمرز کی معاونت، جدید سہولیات، بیماریوں سے تحفظ اور بین الاقوامی تجارت تک رسائی کو فروغ دیا جائے گا۔

مریم نواز کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں پر اظہار تشکر کرتے ہوئے 8 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی خدمات کو سراہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button