پاکستانتازہ ترین

بابا گورو نانک دیو جی کا 557 واں جنم دن، ننکانہ صاحب میں سکھ یاتریوں کی میزبانی کے انتظامات مکمل

لاہور (بیوروچیف) پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی (پی ایس جی پی سی) نے بابا گورو نانک دیو جی کے 557 ویں جنم دن کی تقریبات کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ بھارت سے 2300 سے 2700 سکھ یاتریوں سمیت دنیا بھر سے ہزاروں افراد کی پاکستان آمد متوقع ہے۔ مرکزی تقریب 24 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔

اس سلسلے میں پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کا اہم اجلاس متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) کے ہیڈ آفس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے پردھان اور صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور و انسانی حقوق سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کی۔

اجلاس میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق، ڈپٹی سیکرٹریز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری ستونت کور، ڈاکٹر صاحب سنگھ، سابق پردھان پروفیسر ڈاکٹر میمپال سنگھ، گیان سنگھ چاولہ، ستونت سنگھ، ہرمیت سنگھ، تارا سنگھ، مہیش سنگھ، بھگت سنگھ اور سروانت سنگھ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں سکھ یاتریوں کی آمد، رہائش، سکیورٹی اور سفری سہولیات سمیت تمام انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے شرکاء کو بتایا کہ تقریبات کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت سے 2300 سے 2700 کے درمیان سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔ شیڈول کے مطابق بھارت اور دیگر ممالک سے آنے والے یاتری 22 نومبر 2026 کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔ ان کا روایتی انداز میں پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔

بابا گورو نانک دیو جی کا 557 واں جنم دن 24 نومبر 2026 کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر مرکزی تقریب منعقد ہوگی۔ یاتری مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد یکم دسمبر 2026 کو اپنے وطن واپس روانہ ہوں گے۔

پنجاب حکومت کے لیے شکریے کی قرارداد منظور

اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے سکھ مذہب کے مقدس مقامات اور گوردواروں کی تعمیر و مرمت کے اقدامات کو سراہا گیا۔ اس سلسلے میں حکومت پنجاب کے لیے شکریے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔

کرتارپور کوریڈور کھلا ہے، بھارتی حکومت سکھ سنگت کو آنے دے، رمیش سنگھ اروڑہ

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانے سکھ سنگت کو ویزوں کے اجراء سے متعلق ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے کرتارپور کوریڈور بھی بدستور کھلا ہے۔

انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ سکھ برادری کو عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنے مذہبی مقامات کی زیارت کی اجازت دے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی تاریخی مہمان نوازی کی روایت برقرار رکھتے ہوئے سکھ یاتریوں کا خیرمقدم کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔

یاتریوں کے لیے خصوصی سفری اور طبی سہولیات

سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے ایئرکنڈیشنڈ بسوں، طبی امداد، منرل واٹر اور کرنسی ایکسچینج سمیت خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ہر 20 بسوں پر مشتمل قافلے کے ساتھ ریسکیو 1122 کی ایمبولینس اور پولیس اہلکار بھی موجود رہیں گے۔ ان اقدامات کا مقصد یاتریوں کو محفوظ، آرام دہ اور سہل سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

پاکستان میں بابا گورو نانک دیو جی کے 557 ویں جنم دن کی تقریبات کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ننکانہ صاحب میں مرکزی تقریب کے موقع پر دنیا بھر سے آنے والی سکھ سنگت کی میزبانی کی جائے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button