پاکستانتازہ ترین

آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی خوشحالی کا ایجنڈا آگے بڑھایا جائے گا: شہباز شریف

وزیراعظم کا آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کی ترقی، نوجوانوں کے روزگار اور صحت عامہ کے منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کا عزم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائد محمد نواز شریف کے وژن اور رہنمائی کے تحت آزاد کشمیر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلق امور، بالخصوص جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے آزاد کشمیر میں حالیہ انتخابات کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں انتخابات کے انعقاد اور انتخابی عمل کے حوالے سے انجینئر امیر مقام کی کارکردگی کو سراہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور

وزیراعظم سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بھی ملاقات کی، جس میں انہیں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری اقدامات، منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے نوجوانوں کو جدید تعلیم و تربیت اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنر فراہم کرنے، ڈیجیٹل معیشت میں نئے مواقع پیدا کرنے اور روزگار و کاروبار کے مواقع بڑھانے سمیت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

ملاقات میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری تعلیمی، ہنرمندی، ڈیجیٹل اور فلاحی پروگراموں کا دائرہ مزید وسیع کرنے اور ان کے مؤثر و شفاف نفاذ پر بھی گفتگو ہوئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کا نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کو مزید مؤثر، نتیجہ خیز اور نوجوانوں کی حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جائے جبکہ ترجیحی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے۔

صحت عامہ کی سہولیات حکومت کی اولین ترجیح قرار

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس و ریسرچ سینٹر اور فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک فیز ٹو ایکسٹینشن کی تعمیر کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں صحت کے شعبے میں جاری منصوبوں اور تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

نیپال کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے نیپال کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیپال کے باہمت عوام سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات اور سانحے سے مزید مضبوط ہو کر ابھریں گے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں نیپال کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی یاد میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔

وزیراعظم نے نیپالی سفیر کو آگاہ کیا کہ پاکستان رواں ہفتے کے آخر میں نیپال کے لیے ہنگامی امدادی سامان روانہ کرے گا تاکہ وہاں جاری امدادی اور بحالی کی کارروائیوں میں معاونت فراہم کی جا سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button