پاکستانتازہ ترینسپورٹس

شنیرا حج پر ساتھ کیوں نہیں گئیں؟ وسیم اکرم نے بڑی وجہ بتادی

وسیم اکرم نے حج کے تجربے کو اپنی زندگی کا ایک یادگار اور روحانی طور پر بدل دینے والا لمحہ قرار دیا

 

کراچی: (ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے پہلی بار اس سوال پر وضاحت پیش کی ہے کہ ان کی اہلیہ شنیرا اکرم ان کے ساتھ حج کی ادائیگی کے لیے کیوں نہیں گئیں۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر انہیں بارہا اس حوالے سے سوالات کا سامنا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں شنیرا کے لیے پہلا قدم عمرہ ہونا چاہیے تاکہ وہ اس روحانی سفر کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں، اس کے بعد وہ دونوں مل کر حج ادا کریں گے۔

اس موقع پر شنیرا اکرم نے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتی تھیں کہ وسیم اکرم یہ روحانی سفر پہلے اکیلے مکمل کریں۔ ان کے مطابق اگر وہ ساتھ ہوتیں تو ممکن تھا کہ وسیم اکرم کی توجہ عبادت سے ہٹ کر ان کی دیکھ بھال پر مرکوز ہو جاتی۔

شنیرا نے واضح کیا کہ وہ مستقبل میں ضرور اپنے شوہر کے ساتھ حج پر جائیں گی، تاہم ان کی خواہش تھی کہ وسیم اکرم اس اہم عبادت کے دوران مکمل یکسوئی کے ساتھ وقت گزاریں۔

وسیم اکرم نے حج کے تجربے کو اپنی زندگی کا ایک یادگار اور روحانی طور پر بدل دینے والا لمحہ قرار دیا اور کہا کہ یہ سفر انہوں نے اپنے لیے ایک خاص تحفے کے طور پر کیا تھا۔

یاد رہے کہ وسیم اکرم اور شنیرا اکرم کی شادی اگست 2013 میں ہوئی تھی اور ان کی ایک بیٹی عائلہ بھی ہے۔ شنیرا اکرم پاکستان سے اپنی محبت اور سماجی مسائل پر آواز اٹھانے کے باعث مداحوں میں خاصی مقبول ہیں اور اکثر انہیں محبت سے “قومی بھابھی” بھی کہا جاتا ہے۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button