انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترینصحت

ہیوسٹن میں :ایچ ایچ آرڈی کی کراچی کے نیوروہسپتال کیلئےفنڈریزنگ مہم

پاکستانی کمیونٹی، کاروباری شخصیات،سابق کپتان یونس خان سمیت اہم کرکٹرز کی شرکت، دستخط شدہ کرکٹ بیٹس، جرسیوںسمیت یادگاراشیا کی نیلامی

 

 

ہیوسٹن :(رپورٹ کامران جیلانی) امریکی تنظیم ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ کے زیر اہتمام کراچی میں قائم کئے جانے والے پہلے نیورولوجیکل ہسپتال کیلئے امریکہ کے مختلف شہروں میں فنڈ ریزنگ مہم کے سلسلے میں طویل دورے پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر یونس خان کا ہیوسٹن میں شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔

ان کے اعزاز میں منعقدہ فنڈ ریزنگ ڈنر میں پاکستانی کمیونٹی، کاروباری شخصیات اور کرکٹ سے وابستہ افراد نے بھرپور شرکت کی اور ہسپتال کیلئے دل کھول کر عطیات دئیے۔فنڈ ریزنگ تقریب کے دوران یونس خان کے دستخط شدہ کرکٹ بیٹس، جرسیوں اور بالز سمیت دیگر یادگاری اشیا کی نیلامی بھی کی گئی، جس میں شرکاء نے غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

لیجنڈ کرکٹر کے دستخط شدہ بیٹس، جرسیوں اور کرکٹ بالز ہزاروں ڈالرز میں نیلام ہوئے، جبکہ شرکاء نے کراچی میں جدید نیورولوجیکل ہسپتال کے قیام کیلئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔تقریب میں ممتاز پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین سید جاوید انور کی جانب سے ہسپتال کیلئے ایک لاکھ ڈالر عطیے کا اعلان کیا گیا۔

اس عطیے کا اعلان ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر سعید شیخ نے کیا۔ عطیے کے اعلان پر شرکاء نے زبردست خیرمقدم کیا اور پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے فلاحی منصوبوں کیلئے تعاون کے جذبے کو سراہا گیا۔اس موقع پر ممتاز پاکستانی بزنس مین اسرار کی جانب سے ہیوسٹن میں یونس خان کرکٹ اکیڈمی کے قیام کیلئے پانچ ایکڑ اراضی مختص کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔

اس اعلان کو پاکستانی کمیونٹی خصوصاً نوجوان کرکٹرز کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ تقریب کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ یونس خان کرکٹ اکیڈمی کے قیام سے امریکا میں پاکستانی اور دیگر نوجوانوں کو کرکٹ کی تربیت اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔تقریب سے یونس خان کے دیرینہ دوستوں اور سابق فرسٹ کلاس کرکٹرز نعیم الحق، ساجد ریاض اور ساجد خان نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے یونس خان کی قومی کرکٹ اور فلاحی سرگرمیوں میں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کی نظامت ہیلپنگ ہینڈ کے رہنماؤں الیاس چودھری، مسٹر معیزاور جاوید صدیقی نے کی۔

تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ کے سربراہ جاوید صدیقی نے کہا کہ ہیوسٹن کی پاکستانی کمیونٹی نے کراچی کے نیورولوجیکل ہسپتال کیلئے عطیات کی فراہمی میں جس جذبے اور فراخ دلی کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی ہمیشہ فلاحی اور انسان دوست منصوبوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہی ہے اور ہیوسٹن کی حالیہ فنڈ ریزنگ بھی اسی جذبے کی عکاس ہے۔

ہیلپنگ ہینڈ کے مرکزی عہدیدار الیاس چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں نیورولوجی سینٹر کے قیام کے بعد مستقبل میں یہاں میڈیکل یونیورسٹی بھی قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں نیورولوجی کے شعبے میں علاج کے ساتھ ساتھ تعلیم، تحقیق اور ماہر ڈاکٹرز کی تیاری کے لیے ایک جامع نظام تشکیل دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیورولوجیکل اسپتال اور مستقبل میں میڈیکل یونیورسٹی کا قیام ایک طویل المدتی منصوبہ ہے جس سے پاکستان میں اعصابی امراض کے مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ طبی تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں بھی نمایاں پیش رفت متوقع ہے۔تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف اہم شخصیات، کاروباری افراد، کرکٹ سے وابستہ شخصیات اور ہیلپنگ ہینڈ کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

شرکاء نے کراچی میں نیورولوجیکل ہسپتال کے قیام کیلئے جاری فنڈ ریزنگ مہم کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب کے اختتام پر یونس خان اور دیگر مقررین کو کمیونٹی کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا گیا اور فلاحی منصوبے کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button