پاکستانتازہ ترین

پاکستان کو دوبارہ عروج و زوال کے معاشی چکر میں نہیں جانے دیں گے: محمد اورنگزیب

مشکل فیصلوں سے معاشی استحکام حاصل ہوا، اب پائیدار ترقی کی جانب بڑھنا ہے، نجی شعبے کو معاشی قیادت کا کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہوگا: وزیر خزانہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مشکل فیصلوں کے نتیجے میں پاکستان نے معاشی استحکام حاصل کیا ہے اور اب ملک کو دوبارہ عروج و زوال کے معاشی چکر میں نہیں جانے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کو پائیدار بناتے ہوئے پاکستان کو پائیدار ترقی کی جانب لے کر جانا ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا مقصد نجی شعبے کو ملک کی معاشی قیادت کا کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ نجی شعبے کے سرمائے کو متحرک کرنا معاشی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری کے ذریعے سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی استحکام کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل جاری ہے۔ نجکاری کے عمل میں شفافیت، کارکردگی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ترجیح دی جائے گی۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات کے منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے۔ نجکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ نجی شعبے کو آگے بڑھانے کے اہم ذرائع ہیں۔

مشکل فیصلوں سے معاشی استحکام حاصل ہوا: وزیر خزانہ

محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی استحکام مشکل فیصلوں کے نتیجے میں حاصل ہوا ہے، اب اسے مستقل بنانا ہوگا۔ پاکستان کو دوبارہ عروج و زوال کے معاشی چکر میں نہیں جانے دیں گے اور معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا جبکہ توانائی، سرکاری اداروں، ٹیکس اور نجکاری کے شعبوں میں بھی اصلاحات جاری ہیں۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ مجموعی خسارہ 12.5 فیصد سے کم ہو کر 2.6 فیصد رہ گیا ہے، جبکہ ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ چند برسوں کے دوران ایف بی آر کی آمدن میں 40 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 8.8 فیصد سے بڑھ کر 10.3 فیصد ہوگیا ہے۔

آئی ٹی برآمدات میں فری لانسرز کا اہم کردار

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی سروسز کی برآمدات گزشتہ مالی سال 4.6 ارب ڈالر رہیں، جن میں فری لانسرز نے 1.6 ارب ڈالر کا حصہ ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ اشیا کی برآمدات تقریباً 30 ارب ڈالر پر برقرار ہیں، تاہم اس شعبے میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ اور ملکی معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سہولتیں فراہم کر رہی ہے اور معاشی اصلاحات کے ذریعے نجی شعبے کے لیے مزید مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت معاشی استحکام کے حصول کے بعد اصلاحات کا عمل جاری رکھتے ہوئے ملک کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button