جیکب آباد (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو صرف اسلام آباد نہیں بلکہ پورا پاکستان بند کریں گے، یہ ملک کی تاریخ اور تقدیر بدلنے کا دن ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی امید پر پورا اتریں اور اپنے مستقبل و پاکستان کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔
سہیل آفریدی نے جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں سٹریٹ موومنٹ کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 ستمبر کو عوام کو اسلام آباد سمیت ملک بھر میں سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا سے لاکھوں افراد اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے جبکہ سندھ سمیت دیگر صوبوں کے عوام بھی اپنے مستقبل اور پاکستان کے لیے باہر نکلیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ کشمور سے جیکب آباد کی حدود تک عوام کا جوش، جذبہ اور جنون قابل دید ہے، جس سے انہیں محسوس ہو رہا ہے کہ انقلاب سندھ کی دھرتی پر دستک دے چکا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور یہی نوجوان ملک کی تقدیر بدلنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
عمران خان اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں: سہیل آفریدی
سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان طویل قید کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ ان کے بقول عمران خان چاہتے ہیں کہ انہیں عدالتوں کے ذریعے انصاف ملے اور وہ قانونی راستے سے جیل سے باہر آئیں، تاہم موجودہ عدالتی نظام سے انصاف کی زیادہ امید نہیں رہی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دعویٰ کیا کہ آئینی ترامیم کے بعد عدلیہ کمزور ہوئی ہے اور ججز کو اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے عمران خان کے علاج سے متعلق عدالتی احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سپریم کورٹ کے ججز کے احکامات پر بھی عمل نہیں کیا گیا اور عمران خان کو مطلوبہ علاج کے لیے اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔
27 ستمبر کو آزاد عدلیہ اور آئین کی بالادستی کے لیے آواز اٹھانے کا اعلان
سہیل آفریدی نے کہا کہ مختلف مشکلات اور طویل قید کے باوجود عمران خان اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ اگر ادارے اپنا کردار ادا نہیں کر رہے اور سیاست میں مداخلت کا سلسلہ جاری ہے تو ایسے حالات میں تحریک انصاف کے نوجوان ہی امید کی کرن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اڈیالہ جیل سے نوجوانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں اور 27 ستمبر کو نوجوانوں کو ان کی امید پر پورا اترنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مطابق 27 ستمبر عوام کے پاس اپنی تاریخ اور تقدیر بدلنے کا موقع ہے۔ اس موقع پر آزاد عدلیہ کی بحالی، صحافت کی آزادی اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے آواز بلند کی جائے گی۔
سیاسی مخالفین کے احتساب کا مطالبہ
سہیل آفریدی نے سیاسی مخالفین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ جعلی ووٹوں کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے جبکہ 26 نومبر کے واقعات میں فائرنگ کرنے والوں سے بھی حساب لیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی قیادت کی کال کا انتظار کریں اور 27 ستمبر کو صرف اسلام آباد کے بجائے ملک بھر میں نکلیں۔
انہوں نے کارکنوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر کو اس مقصد کے لیے میدان میں لایا جا سکتا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکن اپنے اصل مقصد سے توجہ ہٹا کر دوسری لڑائیوں میں الجھ جائیں، اس لیے کارکن محتاط رہیں۔
عمران خان قومی یکجہتی کی علامت ہیں: سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بعض قوتیں نہیں چاہتیں کہ عمران خان جیل سے باہر آئیں کیونکہ ان کے بقول اس سے ان کے سیاسی مفادات متاثر ہوں گے۔
سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان ملک کی معیشت کو بہتر بنانے اور سندھ، خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے عمران خان کو قومی یکجہتی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف صوبوں اور قوموں کے لوگ انہیں اپنا قائد تسلیم کرتے ہیں۔ ان کے بقول بلوچ، سندھی، پشتون، پنجابی، کشمیری، گلگتی اور اردو بولنے والے سمیت پاکستان کے مختلف طبقات عمران خان سے وابستہ ہیں۔
27 ستمبر کی جدوجہد پاکستان کے مستقبل کے لیے ہے
سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں بھی تحریک انصاف اور عمران خان کی مقبولیت موجود ہے جبکہ پنجاب سمیت پورے پاکستان میں عمران خان کا سیاسی اثر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد کا مقصد پاکستان کو مضبوط اور معاشی طور پر مستحکم بنانا ہے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا سے لاکھوں افراد اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے جبکہ سندھ سمیت دیگر علاقوں کے کارکن بھی بھرپور شرکت کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کارکنوں پر زور دیا کہ گاڑی دستیاب ہو تو گاڑی، سائیکل ہو تو سائیکل اور اگر کوئی سواری میسر نہ ہو تو پیدل ہی نکلیں، کیونکہ ان کے بقول 27 ستمبر کی جدوجہد اپنے لیے، اپنے بچوں کے مستقبل اور پاکستان کے لیے ہے۔
سہیل آفریدی نے کارکنوں کو 27 ستمبر کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ملک کی تاریخ اور تقدیر بدلنے کا دن ہوگا۔



