پاکستانتازہ ترین

پنجاب کے ہر حصے میں بلاتمیز و امتیاز ترقی نواز شریف کا وژن ہے: مریم نواز

سرگودھا کو مزید 7 الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کا اعلان، عوام کی سہولت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور (بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر حصے میں بلاامتیاز ترقی نواز شریف کا وژن ہے، عوام کی سہولت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور سرگودھا سمیت صوبے کے ہر شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر صہیب احمد ملک، منصور اعظم، میاں سلطان رانجھا، اکرام الحق، صفدر حسین ساہی، رانا منور حسین اور تیمور علی خان سمیت دیگر ارکان موجود تھے۔

ارکان اسمبلی نے سرگودھا نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام اور ریکارڈ مدت میں تکمیل پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ سرگودھا میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر مریم نواز شریف نے سرگودھا کے لیے مزید 7 الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کو مثالی گاؤں، ستھرا پنجاب پروگرام اور صاف پانی منصوبے کی کڑی نگرانی کی ہدایت بھی کی۔

ملاقات کے دوران سرگودھا میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔

عوام کو آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے: مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ الیکٹرو بسوں میں عوام، بالخصوص بچوں اور خواتین کو آرام دہ سفر کرتے دیکھ کر انہیں دلی اطمینان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا سمیت پنجاب کے ہر شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے اور عوام کی سہولت کے لیے تمام وسائل حاضر ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے ہر ہر حصے میں بلاتمیز و امتیاز ترقی نواز شریف کا وژن ہے۔

ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے فلاحی منصوبوں کو پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی سراہا جاتا ہے۔

قلات آپریشن کی کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس آپریشن کی کامیابی پر بھی اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے ملکی سلامتی کے لیے خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

پنجاب وائلڈ لائف کے تحفظ میں مثال بن رہا ہے: مریم نواز

مزید برآں وائلڈ لائف ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب وائلڈ لائف کے تحفظ اور فروغ کے لیے پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں مثال بن رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو 50 ہزار پرندوں، 1020 جنگلی جانوروں اور 30 ریچھوں کو ریسکیو کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے صوبے میں 14 ہزار 700 چالان کیے گئے جبکہ 1050 ایف آئی آرز بھی درج کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 104 علاقوں کو وائلڈ لائف پروٹیکٹڈ ایریاز قرار دیا گیا ہے جبکہ 3 وائلڈ لائف ری ہیبلیٹیشن سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

پنجند ڈولفن کے تحفظ کے لیے اے آئی بیسڈ سروے شروع

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق پنجند ڈولفن کی محفوظ پناہ گاہ کی نشاندہی کے لیے پہلی مرتبہ تھرمل ڈرونز کے ذریعے اے آئی بیسڈ سروے شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جام پور سے بیٹ لنڈی پتافی تا گدو بیراج اور پنجند انڈس ڈولفن کے علاقوں کو محفوظ پناہ گاہ قرار دیا گیا ہے جبکہ نقصان دہ سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ باقاعدہ وائلڈ لائف رینجرز قائم کی گئی ہیں اور 544 اہلکاروں کی تربیت مکمل کی جا چکی ہے۔ وائلڈ لائف رینجرز کی پٹرولنگ اور وائلڈ لائف کرائم آپریشنز کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں وائلڈ لائف قوانین پر سختی سے عمل درآمد کراتے ہوئے 205 ملین روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ وائلڈ لائف کے لیے بہترین گاڑیاں، کمیونیکیشن اور ریسکیو آلات، پروٹیکشن گیئر اور دیگر آپریشنل سپورٹ فراہم کی گئی ہے۔ وائلڈ لائف ہیلپ لائن 1107 پر موصول ہونے والی 950 شکایات اور کیسز کا ازالہ کیا گیا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ جنگلی جانوروں کی حفاظت اور ان کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے GPS کالر ٹریکر بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس سے وائلڈ لائف کے تحفظ اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button