پاکستانتازہ ترین

لاہور میں موسلا دھار بارش، متعدد علاقے زیر آب، چھت گرنے سے شہری جاں بحق

بارش کے بعد اہم شاہراہوں پر کئی فٹ پانی جمع، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی روانی متاثر، خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں سے سیلابی صورتحال کا خدشہ

لاہور، اسلام آباد، پشاور (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تاہم شدید بارش کے باعث متعدد علاقے اور اہم شاہراہیں زیر آب آگئیں۔ رائیونڈ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ اس کی اہلیہ، بیٹی اور بیٹا زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے مال روڈ، ایبٹ روڈ، لکشمی، شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو اور دیگر علاقوں میں بادل برس پڑے۔ موسلا دھار بارش کے بعد مختلف علاقوں اور اہم شاہراہوں پر کئی فٹ بارشی پانی جمع ہوگیا۔

جوہر ٹاؤن سروس روڈ، ایس ڈی او آفس سے ملحقہ علاقے، ایکسپو سینٹر اور ایمپوریم مال کے اطراف کی سڑکیں بھی زیر آب آگئیں، جہاں متعدد گاڑیاں بارشی پانی میں ڈوب گئیں۔

پی آئی اے روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تیز ہواؤں سے درخت گرنے کی اطلاعات

بارش کے ساتھ چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث شوکت خانم روڈ پر بھی ایک دو مقامات پر درخت گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب رائیونڈ کے علاقے میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 54 سالہ اشرف جاں بحق ہوگیا، جبکہ ملبے تلے دبنے سے اس کی بیوی، بیٹی اور بیٹا زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مانسہرہ میں تیسرے روز بھی بارش، دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا

خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ اور گردونواح میں بھی بارش کا سلسلہ تیسرے روز وقفے وقفے سے جاری رہا۔ مسلسل بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہوگئی جبکہ دریائے سرن اور دریائے کنہار میں پانی کے بہاؤ میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے، جس پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

بالائی علاقوں میں ژالہ باری، معمولات زندگی متاثر

شانگلہ سمیت خیبرپختونخوا کے بالائی پہاڑی علاقوں اور میدانی خطوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ مختلف مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔

مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ نشیبی اور دریائی علاقوں میں مقامی ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

متعلقہ اداروں کی جانب سے شہریوں کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نشیبی و دریائی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button