پاکستانتازہ ترین

کرپشن کے خاتمے کا وقت، ہر ادارے کو پاک کرکے دم لیں گے: مریم نواز

پنجاب بھر میں اینٹی کرپشن کی کارروائیاں، 9 سرکاری ملازمین اور 3 فرنٹ مین گرفتار، رشوت لیتے ہوئے متعدد افراد رنگے ہاتھوں پکڑے گئے

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، پنجاب کے سرکاری اداروں میں کرپشن کے مکمل خاتمے کا وقت آگیا ہے، ہر سرکاری ادارے کو کرپشن اور کرپٹ افراد سے پاک کرکے دم لیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے مختلف کارروائیوں کے دوران کرپشن اور رشوت ستانی کے الزام میں 9 سرکاری ملازمین اور 3 فرنٹ مین کو گرفتار کیا ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق بہاولنگر میں اسسٹنٹ کمشنر آفس کے کلرک فیصل شیراز کو مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ اسی ضلع میں یونین کونسل آفس کے سابق نائب قاصد مہران حسین کو بھی ٹریپ ریڈ کے دوران گرفتار کیا گیا۔

وہاڑی میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار طاہر بھٹی کو مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا، جبکہ ڈیرہ غازی خان میں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے کمپیوٹر آپریٹر ساجد کو بھی رشوت ستانی کے الزام میں پکڑا گیا۔

منڈی بہاؤالدین میں محکمہ بلدیات کے نائب قاصد محسن شاہ کو ٹریپ ریڈ کے دوران گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ جھنگ میں اینٹی کرپشن پولیس نے تحصیل آفس کے ریڈر محمد سلیم کو مبینہ رشوت ستانی پر رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔

مظفرگڑھ میں اینٹی کرپشن پولیس نے مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث دو فرنٹ مین محمد یاسر اور عبداللہ کو گرفتار کیا۔ لاہور میں اینٹی کرپشن نے منشی پٹواری مبین اختر کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا، جبکہ طارق نامی پٹواری کے فرنٹ مین منشی ماجد کو بھی مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

چکوال میں پیرا فورس کے سارجنٹ آصف کمال اور نائب قاصد طلال حسین کو بھی مبینہ رشوت ستانی کے الزام میں رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔

کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری اداروں میں کرپشن کے مکمل خاتمے کا وقت آچکا ہے۔ ہر سرکاری ادارے کو کرپشن اور کرپٹ افراد سے پاک کرکے دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سرکاری اداروں میں کسی قسم کی بدعنوانی اور رشوت ستانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

یوم دفاع پر پاک فوج، شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک فوج کے ہر افسر، جوان، شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی بہادر پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاکستان نیوی پر فخر ہے۔ آپریشن ردالفساد میں پاک فوج نے پیشہ ورانہ مہارت کے نئے معیار قائم کئے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افسران اور جوانوں کی سلامتی کے لیے دعاگو ہے۔ پاک فوج نے ثابت کیا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان اور یقین سے جیتی جاتی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج کا پاکستان مضبوط اور اس کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ پاکستان آج ایک ایٹمی طاقت ہے اور عوام پہلے سے بھی زیادہ پراعتماد ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ وطن کی خاطر سرحدوں پر سینہ سپر ہونے والے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں۔ عوام مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز قومی اتحاد اور یکجہتی کا تقاضا کرتے ہیں۔ عدم استحکام پیدا کرنے والی دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو پوری قوت اور عزم کے ساتھ ناکام بنانا ہوگا۔

رحیم یار خان ٹریفک حادثے پر اظہار افسوس

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رحیم یار خان کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button