پاکستانتازہ ترین

مضبوط دفاع کیلئے معیشت کو ناقابل تسخیر بنانا ہوگا: احسن اقبال

نارووال (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کے مضبوط دفاع کے لیے پاکستان کی معیشت کو بھی ناقابل تسخیر بنانا ہوگا، آج کی جنگ اسلحے کے بجائے معیشت، جدید ٹیکنالوجی اور قومی صلاحیت کے میدان میں لڑی جا رہی ہے۔

یوم دفاع کے موقع پر گورنمنٹ ہائی سکول نارووال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اگر کسی ملک کا اندرونی سلامتی کا محاذ کمزور ہوجائے تو اس کا جغرافیہ تبدیل ہوجاتا ہے۔ یوم دفاع ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ قوم کے جذبے اور اتحاد کے بغیر ملکی دفاع کا تصور ادھورا ہے۔

انہوں نے دفاع وطن کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

جدید جنگ میں ٹیکنالوجی اور معیشت بنیادی حیثیت رکھتی ہے

احسن اقبال نے کہا کہ آج کی جنگ روایتی ہتھیاروں تک محدود نہیں رہی بلکہ معیشت اور جدید ٹیکنالوجی بھی دفاعی طاقت کا بنیادی حصہ بن چکی ہیں۔ موجودہ دور کے آلات حرب میں سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، کوانٹم کمپیوٹنگ اور سپیس ٹیکنالوجی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک جدید ریاست فرسودہ ٹیکنالوجی اور کمزور معیشت کے بل پر زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتی۔ آج کے دن کا تقاضا ہے کہ ہم دور جدید کے تقاضوں کے مطابق دفاع وطن کو مضبوط بنائیں اور قومی معیشت کو مستحکم کریں۔

مئی 2025 میں پاکستان نے دشمن کو مؤثر جواب دیا: احسن اقبال

وفاقی وزیر نے کہا کہ مئی 2025 میں دشمن نے غلط اندازہ لگاتے ہوئے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر حملہ کیا، جس کا پاکستان نے بھرپور جواب دیا۔ ان کے بقول دنیا نے دیکھا کہ پاکستان کے جواب کے بعد بھارت کو جنگ بندی کی طرف جانا پڑا اور جدید جنگی طیارے بھی مار گرائے گئے۔

احسن اقبال نے کہا کہ روایتی جنگ میں ناکامی کے بعد بھارت دوبارہ روایتی جنگ کے بارے میں سوچنے سے پہلے کئی بار غور کرے گا۔

تعلیم، ٹیکنالوجی اور جدت مضبوط دفاع کی ضمانت

انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی میں تعلیم، ٹیکنالوجی اور معاشی میدان میں جدت مضبوط دفاع کی ضامن ہیں۔ ہمیں اپنی صلاحیتوں کے مطابق تعمیر وطن اور دفاع پاکستان کا سپاہی بننا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر شہری جو اپنے فرض کی ادائیگی ایمانداری سے کرتا ہے، وہ دفاع پاکستان کی مضبوط بنیادیں استوار کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ملک کی صفوں سے انتشار اور بدامنی کا خاتمہ ضروری ہے۔ آج کے دور میں ریاستوں کو غلط بیانیے کی جنگ کا بھی سامنا ہے، اس لیے اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کی ایسی تربیت کریں کہ وہ نفرت پر مبنی بیانیے کا شکار نہ ہوں۔

قومی اتحاد دشمن کے عزائم ناکام بنانے کیلئے ضروری ہے

وفاقی وزیر نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں متحد رہنا ہوگا۔ روایتی جنگ میں ناکامی کے بعد دشمن اب پاکستان میں سیاسی اور سماجی بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مضبوط دفاع کے لیے عسکری طاقت کے ساتھ ساتھ مضبوط معیشت، جدید ٹیکنالوجی، معیاری تعلیم، قومی اتحاد اور ذمہ دار شہری کردار بھی ناگزیر ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button