پاکستانتازہ ترین

اب ہر تحصیل میں الیکٹرو بس چلے گی، سموگ کے خلاف پیشگی انتظامات کئے جائیں: مریم نواز

پنجاب کی 91 تحصیلوں میں 1500 الیکٹرو بسیں چلانے کا فیصلہ، جون 2027 تک بسوں کی تعداد 3 ہزار کرنے کا ہدف

لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈویژن اور اضلاع کے بعد اب پنجاب کی ہر تحصیل میں الیکٹرو بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تحصیل کی سطح پر الیکٹرو بس سروس کا آغاز جنوری 2027 سے ہوگا، جس کے تحت صوبے کی 91 تحصیلوں میں 1500 الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی۔

ہر تحصیل کے لیے مخصوص الیکٹرو بس ڈپو کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، جبکہ الیکٹرو بس سروس کے لیے پہلا بیج جنوری 2027 میں لاہور پہنچ جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مختلف اضلاع میں مزید الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ پنجاب بھر میں جون 2027 تک الیکٹرو بسوں کی تعداد 3 ہزار تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق ملتان کی 9 تحصیلوں میں 169، ساہیوال کی 4 تحصیلوں میں 87، بہاولپور کی 11 تحصیلوں میں 215، ڈیرہ غازی خان کی 10 تحصیلوں میں 63، فیصل آباد کی 12 تحصیلوں میں 202 اور سرگودھا کی 14 تحصیلوں میں 198 الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی۔

اسی طرح گوجرانوالہ کی 7 تحصیلوں کے لیے 125، گجرات کی 8 تحصیلوں کے لیے 122 جبکہ راولپنڈی کی 16 تحصیلوں میں 219 الیکٹرو بسیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے الیکٹرو بس سروس کا پہلا فیز ستمبر کے اختتام تک مکمل کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے، جبکہ لاہور میٹرو بس سروس کے 25 اسٹیشنز کی تعمیر و بحالی کے منصوبے بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔

سموگ کے خلاف پیشگی اقدامات کی ہدایت

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سموگ سیزن کی آمد سے قبل مؤثر اور پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ ماحول دوست اقدامات کے باعث عالمی فضائی انڈیکس میں لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 16ویں نمبر پر آگیا ہے۔

مریم نواز نے نومبر میں سموگ سیزن شروع ہونے سے قبل تمام متعلقہ اداروں کو گزشتہ برس کی کامیاب حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانے اور فضائی آلودگی کے پھیلاؤ کے تمام ذرائع کی روک تھام یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ماہرین موسمیات کے مطابق بھارت سے آنے والی ہواؤں کے رخ میں تبدیلی کے باعث لاہور، فیصل آباد، رحیم یار خان اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں فضائی آلودگی کے انڈیکس میں معمولی اتار چڑھاؤ ہوتا رہتا ہے۔ آئندہ ہفتے لاہور میں بارش کے باعث فضائی آلودگی میں کمی کا بھی امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق ہوا کی رفتار اور نمی میں اضافے کے باعث آلودہ ذرات فضا میں موجود رہتے ہیں، جس سے ایئر کوالٹی انڈیکس میں تبدیلی آتی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اینٹی سموگ سیزن کے حوالے سے گزشتہ سال کی تمام ایس او پیز پر عملدرآمد مزید سخت کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو فصلوں کی باقیات جدید مشینری کے ذریعے تلف کرنے اور انہیں جلانے کی روک تھام یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پلاسٹک جلانے اور پلاسٹک سے تیار کردہ مصنوعات کے باعث انسانی زندگی کو لاحق خطرات کے خاتمے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کا حکم دیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سموگ کے تین ماہ کے دوران اگر انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی کارروائیوں میں عوام بھرپور تعاون کریں تو پنجاب ایک بار پھر کامیابی کی نئی مثال قائم کرسکتا ہے۔

خاران اور واشک آپریشن میں کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر اظہار تشکر کیا ہے۔ انہوں نے کارروائی کے دوران 11 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

مریم نواز لندن کے دورے کے بعد لاہور واپس پہنچ گئیں

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف لندن کے نجی دورے کے بعد لاہور واپس پہنچ گئیں۔ مریم نواز صبح سویرے لاہور پہنچیں۔ انہوں نے لندن میں اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کی تھی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button