پاکستانتازہ ترین

بینک کسانوں، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کو آسان قرضے دیں: شہباز شریف

وزیراعظم کی مالیاتی اداروں کو کسانوں کو بلا رکاوٹ قرضوں کی فراہمی کی ہدایت، کم آمدن اور متوسط طبقے کیلئے سستی ہاؤسنگ ترجیح قرار

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کسانوں کو بلا رکاوٹ اور آسان شرائط پر مالی وسائل تک رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینک اور مالیاتی ادارے کسانوں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) اور ہاؤسنگ سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

وزیراعظم کی زیر صدارت مالیات تک رسائی کے منصوبہ 2026-28 کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں ’’وزیراعظم اپنا گھر سکیم‘‘، زراعت اور ایس ایم ایز کے شعبوں کی ترقی کے لیے فنانسنگ سے متعلق اقدامات اور پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جو بینک قرضوں کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کریں گے، حکومت ان کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس کے فروغ کے لیے اقدامات کرنا قومی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کسانوں کو بلا رکاوٹ اور آسان شرائط پر مالی وسائل تک رسائی فراہم کی جائے تاکہ زرعی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے اور کسان اپنی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرسکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کے لیے سستی رہائش کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے صوبائی چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ ایسی املاک کا جامع سروے کرایا جائے جہاں بینک ’’وزیراعظم اپنا گھر سکیم‘‘ کے تحت گھر کے خواہشمند افراد کو قرض فراہم کرسکیں۔

وزیراعظم اپنا گھر سکیم، 147504 درخواستیں موصول

اجلاس کو ہاؤسنگ، زراعت اور ایس ایم ایز کے شعبوں میں فنانسنگ کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’’وزیراعظم اپنا گھر سکیم‘‘ کے تحت اب تک 147,504 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے 53,127 درخواستیں منظور کی جاچکی ہیں۔ منظور شدہ درخواستوں کی مجموعی مالیت 313.42 ارب روپے ہے، جبکہ 8,739 درخواست گزاروں کو 45.43 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں۔

زرعی قرضوں کا حجم 1268 ارب روپے تک پہنچ گیا

اجلاس کو بتایا گیا کہ اگست 2026 میں بینکوں کی جانب سے زرعی شعبے کے لیے فراہم کیے گئے قرضوں کا حجم 1.268 ٹریلین روپے رہا۔ ’’ایکسیس ٹو فنانس پلان 2026-28‘‘ کے تحت جون 2028 تک زرعی قرضوں کا حجم 2 ٹریلین روپے تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق زرخیز-e (Zarkhez-e) ایپ کے ذریعے آسان زرعی قرضوں کے لیے 35,838 درخواستیں موصول ہوئیں، جن کے لیے 7.35 ارب روپے منظور کیے گئے، جبکہ ان میں سے 1.96 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔

اسی طرح اگست 2026 تک بینکوں کی جانب سے ایس ایم ای شعبے کو فراہم کیے گئے قرضوں کا حجم 1.067 ٹریلین روپے رہا۔

وزیراعظم کی آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم سے ملاقات

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم سید افتخار علی گیلانی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت پاکستان، آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button