
لاہور (بیوروچیف) ایف جی ڈگری کالج لاہور کے ہونہار طالب علم عمیر رضا نے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے انٹرمیڈیٹ امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
عمیر رضا نے انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں 1100 میں سے 1002 نمبر حاصل کیے اور نمایاں پوزیشن حاصل کرکے اپنے ادارے، اساتذہ اور والدین کا نام روشن کیا۔
اس شاندار کامیابی پر ریجنل ڈائریکٹر ایف جی ای آئی کرنل سید قاسم علی شاہ بخاری نے طالب علم عمیر رضا، ان کے والدین اور ایف جی ڈگری کالج لاہور کے پرنسپل کو مبارکباد پیش کی۔
کرنل سید قاسم علی شاہ بخاری نے طالب علم کی محنت اور تعلیمی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسی کامیابیاں طلبہ کی محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہوتی ہیں۔
عمیر رضا کی ملک بھر میں تیسری پوزیشن نے ایف جی ڈگری کالج لاہور کی تعلیمی کارکردگی کو بھی نمایاں کیا ہے، جبکہ ادارے کے اساتذہ اور طلبہ میں اس کامیابی پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔



