پاکستانتازہ ترین

سی ایم ای بائیک سکیم فیز ٹو کا آغاز، 2 روز میں 4 لاکھ 32 ہزار طلبہ کی رجسٹریشن

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سی ایم ای بائیک سکیم فیز ٹو کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے تحت پنجاب کے طلبہ کے لیے ای بائیکس کی فراہمی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ سکیم کے آغاز کے صرف دو روز میں صوبے بھر سے 4 لاکھ 32 ہزار طلبہ نے رجسٹریشن کرائی ہے۔

حکام کے مطابق سی ایم ای بائیک سکیم کے تحت 2 لاکھ 65 ہزار طلبہ کی درخواستیں جمع ہونے کا عمل جاری ہے، جبکہ ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد طلبہ کی درخواستوں کی پراسیسنگ مکمل ہوچکی ہے۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب عمران سکندر بلوچ نے بتایا کہ طلبہ سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم کے لیے 4 اکتوبر تک درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ سکیم کے لیے پنجاب کا ڈومیسائل یا شناختی کارڈ بنیادی شرط قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ درخواست دینے والے طالب علم کا ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ سرکاری یا نجی ڈگری کالج یا یونیورسٹی کا ریگولر طالب علم ہونا ضروری ہے، جبکہ طالب علم کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے۔

سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم میں درخواست دینے کے لیے طالب علم کے پاس لرنر ڈرائیونگ لائسنس یا موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ایک خاندان سے صرف ایک طالب علم کو ای بائیک فراہم کی جائے گی۔

عمران سکندر بلوچ کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر طلبہ کے لیے سکیم کی ڈاؤن پیمنٹ معاف کردی گئی ہے، جبکہ حکومت پنجاب ای بائیک کے قرض پر انٹرسٹ اور انشورنس کی رقم بھی خود ادا کرے گی۔

سکیم کے تحت ای بائیک حاصل کرنے والے طلبہ کو صرف 3 ہزار 28 روپے ماہانہ ادا کرنا ہوں گے۔ اس کے علاوہ ای بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی مفت فراہم کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق طلبہ کو ای بائیک کے استعمال اور محفوظ ڈرائیونگ سے متعلق دو روزہ تربیت بھی دی جائے گی تاکہ انہیں سڑک پر محفوظ سفر کے حوالے سے ضروری رہنمائی فراہم کی جاسکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ درخواستوں کا پراسیس مکمل ہونے کے بعد چھ ہفتوں کے اندر طلبہ کو ای بائیکس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button