اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پنجاب میں جلد سٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹریٹ موومنٹ ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے، میں کسی سے نہیں ڈرتا، جب چاہوں اور جہاں چاہوں پنجاب آؤں گا۔
تحریک انصاف پنجاب کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے تنظیمی رہنماؤں کو سٹریٹ موومنٹ کے حوالے سے فوری فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پنجاب کے چاروں ریجنز کے نمائندے باہمی مشاورت سے فیصلہ کرلیں کہ انہیں پنجاب میں کہاں آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹریٹ موومنٹ ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے اور اس حوالے سے فیصلہ تنظیمی رہنماؤں نے کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے حکومتی رکاوٹوں اور گرفتاری کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں بالکل نہیں ڈرتا اور پنجاب لازمی آؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ جب چاہوں اور جہاں چاہوں پنجاب میں داخل ہوں گا اور سٹریٹ موومنٹ کی خود قیادت کروں گا۔
انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں اور پنجاب کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام ان کے منتظر ہیں، ضرورت صرف ہمت دکھانے کی ہے۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکن محض 300 افراد نہیں بلکہ 13 کروڑ عوام کی نمائندہ قوت ہیں۔
اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی جیل اور سیاسی جدوجہد کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم میں سے کوئی بھی ڈاکٹر یاسمین راشد سے زیادہ قیمتی نہیں، وہ ہماری سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ اگر وہ اتنی عمر اور بیماری کے باوجود جیل کاٹ سکتی ہیں تو ہم بھی جیل جانے کے لیے تیار ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ جیل جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، سٹریٹ موومنٹ ہی ان کے بقول واحد راستہ ہے۔



