اسرائیل جانے والی پرواز میں چاقو حملہ، طیارہ گرانے کی مبینہ کوشش، پائلٹ گرفتار
ابوظہبی (ویب ڈیسک) دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں دورانِ پرواز ایک پائلٹ نے مبینہ طور پر دوسرے پائلٹ پر چاقو سے حملہ کردیا، جس کے بعد طیارہ تیزی سے نیچے آیا اور اسے سعودی عرب کے شہر تبوک میں ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق پرواز FZ1073 میں پیش آنے والے واقعے کے دوران طیارہ تقریباً 14 ہزار فٹ کی بلندی سے انتہائی تیزی سے نیچے آیا۔ صورتحال بگڑنے پر مسافروں اور عملے کے بعض افراد نے کاک پٹ میں داخل ہوکر مبینہ حملہ آور پائلٹ کو قابو کرنے میں مدد کی، جس کے بعد طیارے کا کنٹرول سنبھال لیا گیا۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ ایک پائلٹ نے دوسرے کو چاقو مارنے کے بعد بظاہر طیارے کو گرانے کی کوشش کی، تاہم ایئرلائن نے واقعے کو فلائٹ ڈیک میں پیش آنے والا ایک سنگین تنازع قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس کے محرکات کے بارے میں قبل از وقت قیاس آرائی سے گریز کیا جائے۔
طیارے نے سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، جہاں دونوں پائلٹس کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ طیارے میں سوار مسافروں کے محفوظ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ سعودی حکام نے مبینہ حملہ آور پائلٹ کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
واقعے کے دوران اسرائیلی حکام کو ممکنہ ہائی جیکنگ کا خدشہ بھی پیدا ہوا اور اطلاعات کے مطابق اسرائیلی جنگی طیارے بھی روانہ کیے گئے، تاہم اب تک واقعے کو باضابطہ طور پر ہائی جیکنگ قرار نہیں دیا گیا۔ واقعے کی اصل وجہ، پائلٹ کا مقصد اور حملے کے محرکات تحقیقات کا حصہ ہیں۔
بعد ازاں مسافروں کو متبادل طیارے کے ذریعے تبوک سے تل ابیب روانہ کیا گیا اور وہ بحفاظت اپنی منزل پر پہنچ گئے۔



