پاکستانتازہ ترین

ملکی ترقی کیلئے چاروں صوبوں کی یکساں ترقی ضروری: سردار سلیم حیدر

بلاول بھٹو کو ملکر آئندہ الیکشن میں وزیراعظم بنائیں گے، میر سرفرازبگٹی کی ملاقات

لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں بین الصوبائی روابط، امن و امان، ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم حصہ ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے صوبے اور ملک سے گہری محبت رکھتے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے چاروں صوبوں کی یکساں اور متوازن ترقی انتہائی ضروری ہے۔ ان کے مطابق قومی ترقی کے عمل میں تمام صوبوں کو مساوی مواقع اور وسائل کی فراہمی اہمیت رکھتی ہے۔

سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے بلوچستان میں مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کو عملی طور پر حل کرنا ہے۔ گورنر پنجاب نے یہ بھی کہا کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ مل کر آئندہ انتخابات میں انہیں وزیراعظم بنانے کے لیے کام کریں گے۔

سردار سلیم حیدر نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی اداروں کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز نے صوبے میں امن کے قیام کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں ترقی کی جانب گامزن ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بعض ملک دشمن عناصر بلوچستان میں بدامنی اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button