پاکستانتازہ ترینتعلیم/ادب

مہکاں پنجابی ادبی بورڈ کے لکھاریوں میں تیسرے ایوارڈ کی تقسیم

ڈی جی پلاک اسلم شاہد کے ہاتھوں ایوارڈز کی تقسیم، رزاق شاہد کیلئے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ،

لاہور (شہزاد فراموش): پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج، آرٹ اینڈ کلچر (پلاک) کے ہال نمبر 2 میں مہکاں پنجابی ادبی بورڈ کے زیر اہتمام تیسری تقریبِ تقسیمِ ایوارڈز منعقد ہوئی، جس میں پنجابی زبان، ادب اور ثقافت کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والی ادبی شخصیات کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایوارڈز سے نوازا گیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری عیاض احمد نے حاصل کی، جبکہ حافظ علی رضا نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔

تقریب میں مہکاں پنجابی ادبی بورڈ کے صدر ڈاکٹر مشتاق عادل، ڈائریکٹر جنرل پلاک محمد اسلم شاہد، ڈائریکٹر پلاک محمد عاصم چودھری سمیت نامور ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور ادبی حلقوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پلاک محمد اسلم شاہد نے مہکاں پنجابی ادبی بورڈ کی ادبی اور ثقافتی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مادری زبانوں کی بقا، تحفظ اور ترویج کے لیے ایسی تقریبات کا انعقاد خوش آئند ہونے کے ساتھ وقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔ پلاک آئندہ بھی ایسے ادبی اور ثقافتی اقدامات کی سرپرستی جاری رکھے گا۔

تقریب کے دوران پنجابی ادب کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر فہیم اسلم، پروین سجل، ڈاکٹر رزاق شاہد، ثمرینہ گلزار اور علی عثمان باجوہ کو ایوارڈز دیے گئے، جبکہ پنجابی زبان و ادب کے لیے طویل، مسلسل اور شاندار خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر رزاق شاہد کو خصوصی طور پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ڈاکٹر محمد عاصم چودھری نے مہکاں پنجابی ادبی بورڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ایوارڈ حاصل کرنے والی شخصیات کو مبارکباد پیش کی اور پنجابی زبان و ادب کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

تقریب کے اختتام پر مہکاں پنجابی ادبی بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر مشتاق عادل نے مہمانوں، ادیبوں اور شرکاء کی آمد اور پلاک انتظامیہ کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مہکاں پنجابی ادبی بورڈ پنجابی زبان، ادب اور ثقافت کی ترویج و ترقی کے لیے اپنی کوششیں آئندہ بھی جاری رکھے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button