کوئٹہ (ویب ڈیسک): سابق نگران وفاقی وزیر اور ایس او ایس چلڈرن ویلج پاکستان کی چیئرپرسن روشن خورشید بروچہ نے جاپان کے اعزازی قونصل جنرل برائے بلوچستان سید ندیم عالم شاہ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان سماجی بہبود، بچوں کی فلاح و بہبود اور باہمی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جاپان قونصلیٹ کوئٹہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، سماجی و فلاحی شعبے میں تعاون اور دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر روشن خورشید بروچہ نے ایس او ایس چلڈرن ویلج پاکستان کی جانب سے یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت، تعلیم و تربیت اور انہیں بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
سید ندیم عالم شاہ نے بچوں کی فلاح و بہبود اور سماجی خدمت کے لیے ایس او ایس چلڈرن ویلج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کو تعلیم، صحت اور محفوظ ماحول فراہم کرنے والے ادارے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے فلاحی اداروں کی خدمات کو بھی قابل قدر قرار دیا۔
روشن خورشید بروچہ نے کہا کہ معاشرے کے محروم اور ضرورت مند طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے سرکاری و نجی اداروں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ملاقات میں دونوں شخصیات نے اس بات پر اتفاق کیا کہ انسانی بہبود اور معاشرتی ترقی کے لیے باہمی روابط اور تعاون کو مزید وسعت دی جانی چاہیے۔
ملاقات کے اختتام پر روشن خورشید بروچہ نے سید ندیم عالم شاہ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ دونوں جانب سے مستقبل میں سماجی بہبود کے شعبے میں رابطوں اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔



