پاکستانتازہ ترین

پاک بحریہ کے سمندر میں 2 بڑے آپریشن، 96 ملین ڈالر کی منشیات ضبط

اسلام آباد، کراچی (ویب ڈیسک) پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسدادِ منشیات کی دو بڑی کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات ضبط کرلی۔

پاک بحریہ کے مطابق یہ کامیاب آپریشنز پی این ایس یرموک نے بحیرہ عرب میں تعیناتی کے دوران مشکوک کشتیوں کے خلاف کیے۔ کارروائی کے دوران تقریباً 850 کلوگرام آئس اور 2 ہزار کلوگرام حشیش قبضے میں لی گئی۔

پاک بحریہ کے مطابق ضبط کی گئی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 96 ملین امریکی ڈالر ہے۔

پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ دونوں کامیاب کارروائیاں سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاک بحریہ کے عزم کی عکاس ہیں۔ کارروائیوں کے ذریعے سمندری راستوں سے ہونے والی غیر قانونی تجارت کے خلاف مؤثر اقدام کیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بحیرہ عرب میں پی این ایس یرموک کی انسدادِ منشیات کی دونوں کامیاب کارروائیوں پر پاک بحریہ کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جنگ میں پاکستان ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی بحری سلامتی اور سمندر کے ذریعے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے پاک بحریہ کا کردار قابلِ فخر ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی بروقت اور کامیاب کارروائیاں سمندری حدود میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی بحری سلامتی کے تحفظ اور سمندر کے ذریعے غیر قانونی تجارت کی روک تھام کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button