پاکستانتازہ ترین

پختونخوا میں بڑھتی دہشتگردی ہر قیمت پر روکنا ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، حکومت کی خواہش ہے کہ صوبے میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رہے۔

وزیراعظم سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر انداز میں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں جنہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

ایس ایم ای پورٹل نومبر تک فعال کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو قرضوں کی فراہمی میں سہولت کے لیے ایس ایم ای پورٹل نومبر کے اختتام تک فعال کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہاؤسنگ، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار اور زرعی شعبے کو قرضوں کی فراہمی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہاؤسنگ، زراعت اور ایس ایم ای شعبوں کو مالی وسائل کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں اور قرضوں کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

ریلوے اراضی سے ایم ایل ون منصوبے کی فنڈنگ

وزیراعظم نے پاکستان ریلوے کی املاک میں موجود حقیقی تجارتی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ریلوے کی اراضی پر مختلف کمرشل منصوبوں کے ذریعے بینکوں سے فنڈنگ حاصل کرکے مین لائن ون (ایم ایل ون) کی تعمیر کے لیے استعمال کرنے کی منظوری دے دی۔

ریلوے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اربوں روپے مالیت کی نشاندہی شدہ اراضی کو کمرشل بنیادوں پر بروئے کار لاتے ہوئے ایم ایل ون کی تعمیر میں معاونت حاصل کی جائے۔

شہباز شریف نے ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن پر کام تیز کرنے اور پاکستان ریلوے میں کارپوریٹ طرز کی اصلاحات لانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے پاکستان ریلوے کی قبضہ شدہ زمینوں کی نشاندہی اور واگزاری کے لیے چیئرمین نیب کی سربراہی میں نیب اور وزارت ریلوے کی ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان کے دورے پر آئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے عالمی امن کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خدمات کو سراہا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے یکطرفہ فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے پاکستان کے مؤقف سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران شہباز شریف نے افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی اور افغان سرزمین پر دہشتگرد گروہوں کی موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرگرم گروہوں کے خلاف ٹھوس اور قابلِ تصدیق اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے حق کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button