پاکستانتازہ ترین

پختونخوا، بلوچستان میں کارروائیاں، 20 دہشتگرد ہلاک، بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد

راولپنڈی، پشاور، ٹانک (ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 20 دہشتگردوں کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے، جبکہ کارروائیوں میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام ویژن کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی سے قبل دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی رکھی گئی، جس کے بعد فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی گئی۔

بلوچستان میں 5 دہشتگرد ہلاک

دوسری جانب آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کی گئی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقوں سیاپشت اور کلی گشتری میں کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

سکیورٹی فورسز نے علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

کوہاٹ میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، 7 اہلکار زخمی

ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں 7 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ڈی پی او کے مطابق شادی پور میں پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کو ناکام بنا دیا گیا، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

ٹانک میں این جی او کے 3 ملازمین اغوا

دوسری جانب ضلع ٹانک کے علاقے گرہ میٹھو سے این جی او کے تحت بنیادی مراکز صحت میں کام کرنے والے 3 ملازمین کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مغویوں کی شناخت سعید انور، صفی اللہ اور سید باشا کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد مغویوں کی بازیابی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

بنوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 2 دہشتگرد ہلاک

بنوں میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ فیروز فتح خیل میں تھانہ منڈان کی حدود میں پیش آیا۔

ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت شیر ایاز خان اور عدنان کے نام سے بتائی گئی ہے۔

اغوا ہونے والے ڈاکٹر مبشر بحفاظت گھر پہنچ گئے

دریں اثنا ڈیرہ اسماعیل خان سے چند روز قبل مبینہ طور پر اغوا ہونے والے ڈاکٹر مبشر بحفاظت اپنے گھر پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق پولیو ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر مبشر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی علاقے گرہ محبت سے نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر اغوا کیا تھا، تاہم اب وہ بحفاظت گھر واپس پہنچ چکے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button