پاکستانتازہ ترین

کاروباری برادری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے: گورنر پنجاب

لاہور (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت اور کاروباری برادری کے باہمی تعاون، مسلسل مشاورت اور مشترکہ کاوشوں سے ملکی معیشت کی ترقی کی رفتار مزید تیز کی جا سکتی ہے۔ کاروباری برادری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، حکومت صنعت، تجارت، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہے۔

گورنر پنجاب نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی حسام اصغر، سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی، نائب صدر چودھری خادم حسین، ایگزیکٹو کمیٹی ارکان اور سابق عہدیداروں پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی کاروباری برادری پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم شراکت دار ہے۔

انہوں نے لاہور چیمبر کی نومنتخب قیادت، سابق صدور اور سینئر رہنماؤں کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبہ باہمی اعتماد، مشاورت اور تعاون کے ساتھ آگے بڑھیں تو صنعت، تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت ممکن ہے۔ گورنر ہاؤس کاروباری برادری کے ساتھ رابطے اور تعاون کے لیے ہمیشہ دستیاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی تجاویز اور مسائل متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام تک پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی ملکی معاشی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔ صنعت اور زراعت کو مضبوط بنا کر ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

صنعتی علاقوں کے مسائل حل کرنے پر زور

لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر نے گورنر پنجاب کا نومنتخب قیادت اور ایگزیکٹو کمیٹی سے ملاقات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر حکومت کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعاون جاری رکھتے ہوئے صنعت، تجارت اور ملکی معیشت کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی نے گورنر پنجاب کو سگیاں، محمود بوٹی اور کاہنہ کاچھا سمیت مختلف صنعتی علاقوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کمرشلائزیشن اور کنورژن چارجز کے معاملات پر کاروباری برادری سے مشاورت کی جائے۔

نائب صدر چودھری خادم حسین نے کہا کہ تاجر اور صنعتکار ملکی معیشت میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔ صنعت و تجارت کو مزید فروغ دینے کے لیے کاروباری برادری کو سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔

احتجاج کی سیاست سے ملک کا امیج خراب نہیں ہونے دیں گے: گورنر

دریں اثنا گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی نکالا جا سکتا ہے۔ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست سے ملک کا امیج خراب نہیں ہونے دیں گے۔

گورنر پنجاب نے گورنر ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بہکاوے میں آئے بغیر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر بار بار چڑھائی کرنے والے ملک کے دشمن ہیں۔

شمالی وزیرستان اور مستونگ میں کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

علاوہ ازیں گورنر پنجاب نے شمالی وزیرستان اور مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

سردار سلیم حیدر خان نے دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع اور امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی اداروں کی خدمات قابل قدر ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button