پاکستانتازہ ترینکاروبار

پی ایم ڈی سی منافع قو می بخش ادارہ، نجکاری قبول نہیں: یونس ترین

حکومت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیداواری صلاحیت میں اضافہ پر توجہ دے: تقریب سے خطاب

کوئٹہ (ویب ڈیسک) پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) ایمپلائز یونین شاہرگ کے جوائنٹ سیکرٹری حاجی محمد یونس ترین نے کہا ہے کہ پی ایم ڈی سی ایک منافع بخش قومی ادارہ ہے، اس کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ وفاقی حکومت قومی ادارے کی نجکاری کا فیصلہ واپس لے کر اسے مزید فعال اور مستحکم بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد یونس ترین نے کہا کہ پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ملکی معدنی وسائل کی ترقی، کان کنی کے فروغ اور قومی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ادارے کے ملازمین اپنی ذمہ داریاں محنت اور لگن سے انجام دے کر اس کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منافع بخش قومی اداروں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے بجائے ان کی کارکردگی بہتر بنانے، جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور پیداواری صلاحیت میں اضافے پر توجہ دینی چاہیے۔ پی ایم ڈی سی کو درپیش مسائل حل کرکے اسے مزید منافع بخش اور مضبوط ادارہ بنایا جا سکتا ہے۔

حاجی محمد یونس ترین نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت پی ایم ڈی سی کی نجکاری کے بجائے ادارے میں سرمایہ کاری کرے، ملازمین کے مسائل حل کرے اور معدنی شعبے میں ادارے کے کردار کو مزید وسعت دے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کے تحفظ، ملازمین کے روزگار کے استحکام اور ملکی معدنی وسائل سے بھرپور استفادے کے لیے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قومی اور منافع بخش ادارے کی نجکاری سے قبل اس کے معاشی، صنعتی اور ملازمین پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کا جامع جائزہ لینا ضروری ہے۔ پی ایم ڈی سی کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے بجائے اس کے انتظامی اور مالی معاملات کو بہتر بنایا جائے تاکہ ادارہ مستقبل میں زیادہ مؤثر انداز میں ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کر سکے۔

حاجی محمد یونس ترین نے واضح کیا کہ پی ایم ڈی سی ایمپلائز یونین شاہرگ کے صدر محمد نعیم اور جنرل سیکرٹری نور شاہ کی قیادت میں ملازمین اپنے ادارے کے تحفظ اور حقوق کے لیے متحد ہیں اور ادارے کی نجکاری کے فیصلے کی بھرپور مخالفت کریں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button