آر فور ممالک کا سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ
پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کا استنبول میں اجلاس، حوثی حملوں کی مذمت، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور
استنبول، اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر پر مشتمل آر فور ممالک نے سعودی عرب کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ چاروں ممالک نے سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق استنبول میں چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کا چھٹا آر فور اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شرکت کی۔ اجلاس میں ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران نیویارک میں ہونے والی گزشتہ ملاقات کے بعد سامنے آنے والی علاقائی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال، سکیورٹی چیلنجز اور جاری تنازعات پر خصوصی توجہ دی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چاروں ممالک نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس میں علاقائی رابطہ کاری مضبوط بنانے اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے مختلف طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
آر فور اور ای فور ممالک کا علاقائی صورت حال پر اجلاس
استنبول میں آر فور ممالک کے وزرائے خارجہ نے فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ پر مشتمل ای فور ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ بھی اجلاس میں شرکت کی، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار شریک ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں خلیجی خطے کی صورت حال کے سماجی اور اقتصادی اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سفارتی کوششوں میں فوری تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی، بڑھتی ہوئی بدامنی کی روک تھام اور امن کے فروغ کے لیے سفارت کاری اور ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔
اجلاس میں شریک ممالک کے وزرائے خارجہ نے صورت حال پر مسلسل رابطے برقرار رکھنے اور سفارتی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار کی جرمن وزیر خارجہ سے ملاقات
اسحاق ڈار نے استنبول میں آر فور اور ای فور وزارتی اجلاسوں کے موقع پر جرمنی کے وزیر خارجہ یوہان واڈے فول سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے مسلسل رابطوں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے پاک جرمن تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی تازہ پیش رفت پر بھی گفتگو کی۔
ملاقات میں علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مسلسل بین الاقوامی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اسحاق ڈار نے آر فور فریم ورک کے ساتھ جرمنی، فرانس، اٹلی اور برطانیہ کے تعمیری روابط کا خیرمقدم کرتے ہوئے اہم علاقائی اور عالمی امور پر مسلسل مشاورت اور سفارتی رابطہ کاری برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔



