مکہ دفاعی معاہدے کا مقصد علاقائی سلامتی یقینی بنانا ہے: صدر زرداری
دہشت گردوں کو افغان سرزمین استعمال کرکے پاکستانی شہریوں پر حملے نہیں کرنے دیں گے، جرمن صدر سے ملاقات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے اور علاقائی امن پر گفتگو
برلن (ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدے کا مقصد علاقائی سلامتی کو یقینی بنانا ہے اور یہ کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں سلامتی کے لیے ایک متبادل راستہ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان افغان عوام کے ساتھ کوئی تنازع نہیں رکھتا، تاہم دہشت گردوں کو افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں پر حملے کرنے اور ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے ان خیالات کا اظہار برلن میں جرمنی کے صدر فرینک والٹر شٹائن مائر سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور جرمنی کے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور علاقائی و عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت نے جرمن صدر کی جانب سے دورے کی دعوت، اپنے اور پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان جرمنی کو یورپ میں اپنا اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط کو فروغ دے کر موجودہ تعلقات کو مستحکم اور باہمی مفادات پر مبنی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خواتین کو بااختیار بنانے، سماجی تحفظ اور انسانی ترقی کے شعبوں میں جرمنی کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان روایتی شعبوں سے آگے بڑھتے ہوئے سائنس، صحت عامہ، تعلیم، فنی تربیت، ٹیکنالوجی، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، صنعت اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافے کے لیے بھی جرمنی کے ساتھ تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے۔
انہوں نے اس مقصد کے لیے حکومتی اداروں، کاروباری تنظیموں اور متعلقہ ماہرین کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
جرمن صدر فرینک والٹر شٹائن مائر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور جرمنی دوطرفہ تجارت، کاروباری سرگرمیوں، تعلیم اور تکنیکی تعاون کے فروغ کے لیے مؤثر کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے علاقائی اور عالمی تنازعات کے حل میں پاکستان کے سفارتی کردار کو بھی سراہا۔
جرمن صدر نے گزشتہ چار دہائیوں سے زائد عرصے کے دوران لاکھوں افغان شہریوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پناہ اور امداد فراہم کرنے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
افغانستان کی صورت حال اور دہشت گردی پر تبادلہ خیال
ملاقات میں افغانستان سے متعلق چیلنجز پر بھی گفتگو ہوئی۔ صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان افغان عوام کے خلاف نہیں، تاہم ملکی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کو افغان سرزمین استعمال کرکے پاکستانی شہریوں پر حملے کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
صدر مملکت نے امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع کے حل کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کو تسلیم کرنے پر جرمن صدر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے مسلسل مکالمے، تعمیری مذاکرات اور سفارتی کوششوں پر یقین رکھتا ہے۔
جرمن صدر کو دورۂ پاکستان کی دعوت
صدر آصف علی زرداری نے جرمن صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جس پر فرینک والٹر شٹائن مائر نے مناسب وقت پر پاکستان کا دورہ کرنے کی آمادگی ظاہر کی۔
ملاقات کے دوران پہلے دونوں صدور کے درمیان وفود کے بغیر گفتگو ہوئی، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کیے گئے۔
اس سے قبل جرمن وزارت دفاع میں صدر مملکت آصف علی زرداری کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر جرمن صدر فرینک والٹر شٹائن مائر بھی موجود تھے۔



