پاکستانتازہ ترین

ٹیکسوں، مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی کے ملک گیر دھرنے

جماعت اسلامی کا 150 مقامات پر احتجاج، حافظ نعیم الرحمان کا پٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ، لانگ مارچ اسلام آباد تک لے جانے کا اعلان

لاہور، فیصل آباد (وی او این ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی ہدایت پر پٹرولیم لیوی، ٹیکسوں، مہنگائی اور حکومتی معاشی پالیسیوں کے خلاف لاہور سمیت وسطی پنجاب اور ملک بھر میں 150 مقامات پر احتجاجی دھرنے دیے گئے۔ مظاہروں میں جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی اور مقامی رہنماؤں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گوجرانوالہ میں امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری، شیخوپورہ میں صوبائی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر بابر رشید، وزیرآباد میں ذکر اللہ مجاہد، فیصل آباد میں نصر اللہ گورائیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رانا عبد الوحید خان، ننکانہ صاحب میں رانا تحفہ دستگیر احمد، پاکپتن میں میاں رحمت اللہ وٹو اور چنیوٹ میں مہر بہادر خان جھنگ سمیت دیگر رہنماؤں نے احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی۔

مظاہرین نے بینرز، پینا فلیکسز اور کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر پٹرولیم لیوی کے خاتمے، مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے مطالبات درج تھے۔

مختلف مقامات پر احتجاجی دھرنوں سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں اور لیوی کے باعث عام شہریوں پر معاشی دباؤ بڑھ رہا ہے، جبکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے حکمران طبقے اور اشرافیہ کو حاصل مراعات پر بھی سوالات اٹھائے اور مطالبہ کیا کہ مہنگائی میں کمی، ٹیکسوں کے بوجھ میں ریلیف اور عوامی مسائل کے حل کو حکومتی ترجیحات میں شامل کیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمان کا لانگ مارچ اسلام آباد لے جانے کا اعلان

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی کے علاقے گودھرا کالونی میں ایک ماڈل اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہر کے بلدیاتی مینڈیٹ، مہنگائی، پٹرولیم لیوی، گیس کی لوڈشیڈنگ، زمینوں پر قبضوں اور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کے معاملات پر حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو ووٹ دے کر مینڈیٹ دیا، تاہم ان کے بقول اس مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا گیا اور شہر پر قبضہ میئر مسلط کیا گیا۔

انہوں نے پٹرولیم لیوی کو ’’بھتہ ٹیکس‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی لانگ مارچ کی تیاری کر رہی ہے اور احتجاج کو اسلام آباد تک لے جایا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود گندم کے بحران سے دوچار ہے۔ ان کے الزام کے مطابق مقامی گندم کو نقصان پہنچانے کے بعد درآمدات سے فائدہ اٹھایا جاتا ہے، جبکہ اس صورت حال کا مالی بوجھ بالآخر عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی شفافیت پر سوالات

امیر جماعت اسلامی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں 24 ارب روپے کی مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے پروگرام کی شفافیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے پروگرام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ 800 ارب روپے سے زائد کے بجٹ کے باوجود ملک میں غربت کے خاتمے کے حوالے سے خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے۔

ان کے مطابق گزشتہ آٹھ برس کے دوران غربت کی شرح 21 فیصد سے بڑھ کر 28 فیصد ہو گئی ہے۔ انہوں نے عالمی بینک کے حوالے سے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان (MENAAP) کے خطے میں یومیہ تین ڈالر سے کم پر زندگی گزارنے والے انتہائی غریب افراد میں سے تقریباً 48 فیصد پاکستان میں رہتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں میں خرچ ہونے والے وسائل کو بہتر منصوبہ بندی اور ترجیحات کے ذریعے استعمال کیا جاتا تو نوجوانوں کے مستقبل اور عوام کی معاشی حالت میں بہتری لائی جا سکتی تھی۔

ان بیانات کے تناظر میں جماعت اسلامی نے مہنگائی، ٹیکسوں، حکومتی اخراجات اور سماجی بہبود کے پروگراموں میں شفافیت سے متعلق اپنے مطالبات دہرائے ہیں۔


Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button