انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

دنیا بھر میں کشمیری آج یومِ شہدائے جموں منائیں گے، شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا

6 نومبر 1947ء کے شہدا کی یاد میں آزاد کشمیر، پاکستان اور بیرون ملک تقریبات کا انعقاد، حقِ خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کی تجدید

سری نگر، مظفرآباد (ویب ڈیسک) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج 6 نومبر کو یومِ شہدائے جموں اس عزم کی تجدید کے ساتھ منا رہے ہیں کہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نومبر 1947ء کے پہلے ہفتے میں مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز، بھارتی فوج اور ہندوتوا تنظیموں سے منسوب کارروائیوں کے دوران جموں کے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں کشمیری مسلمانوں کو قتل کیا گیا تھا۔ یہ افراد پاکستان کی طرف ہجرت کر رہے تھے۔ کشمیری حلقے اس واقعے کو تاریخ کا ایک المناک سانحہ قرار دیتے ہیں۔

یومِ شہدائے جموں کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور بیرون ملک مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں شہدائے جموں سمیت دیگر کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مساجد اور کمیونٹی سینٹرز میں قرآن خوانی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعاؤں کا اہتمام بھی کیا جائے گا، جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور مختلف تنظیموں نے سری نگر سے جاری اپنے بیانات میں شہدائے جموں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانیاں فراموش نہیں کی جائیں گی۔ ان کے مطابق نومبر 1947ء میں جموں کے مسلمانوں کا قتلِ عام تاریخ کے المناک واقعات میں شمار ہوتا ہے۔

حریت رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششیں ماضی کے واقعات کا تسلسل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے جموں نے ایک مقدس مقصد کے لیے اپنی جانیں قربان کیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

دریں اثنا صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ شہدائے جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 نومبر 1947ء کا سانحہ کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق ان واقعات نے جموں کی آبادیاتی ہیئت تبدیل کر دی اور ایسے زخم چھوڑے جن کے اثرات نسل در نسل محسوس کیے جا رہے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ یومِ شہدائے جموں کے موقع پر نومبر 1947ء میں شہید کیے گئے بے گناہ کشمیری مسلمانوں کو احترام کے ساتھ یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

آصف علی زرداری نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اشتعال انگیز بیانات اور فوجی مہم جوئی سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے تحفظ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے حقِ خودارادیت کا استعمال کرنے کے قابل نہیں ہو جاتے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button