انٹر نیشنلبلاگپاکستانتازہ ترینکالم

پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے سفارت کاروں کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا:سید فیروز عالم شاہ

 پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے سرمایہ کاری کا فروغ، ملکی پیداوار میں اضافہ، برآمدات کی توسیع، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں:وی او این کوخصوصی انٹرویو

لاہور:(انٹرویو/ محمد قیصر چوہان)پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے رہائشی سیدفیروز عالم شاہ ایک محب وطن پاکستانی ہیں جن کے بارے میں کچھ بھی کہنا محض سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے۔سیدفیروز عالم شاہ نیشنل انجینئرنگ کارپوریشن کے ڈائریکٹر ،فیڈرل بورڈ آف انوسٹمنٹ کے اعزازی ایڈوائزر ،پاکستانی حکومت کی جانب سے بنائی جانے والی پریذڈنٹ کمیٹی آن ایمرجنگ ٹیکنالوجی کے ممبر ،پاک جاپان کلچرل سینٹر کوئٹہ کے صدراور پاکستان جاپان بزنس فورم کے سینئر وائس چیئرمین ہیں۔
حکومت پاکستان نے سیدفیروزعالم شاہ کو 2010 میں فیڈرل بورڈ آف انوسٹمنٹ کا اعزازی ایڈوائزر بنا یاتوانہوں نے سچی لگن کے ساتھ مستقل مزاجی سے انتھک محنت کرتے ہوئے خوش اخلاقی، پروفیشنل ازم، مثبت سوچ اور احساس ذمہ داری کے اصولوں کی راہ پر چلتے ہوئے اپنے فرائض سر انجام دیتے ہوئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے راغب کیا۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پر کش مراعات فراہم کرنے کی غرض سے سیدفیروزعالم شاہ نے پاکستانی حکومت کو اسپیشل اکنامکس زون بنانے کی تجویزدی۔
جس پر عمل کرتے ہوئے حکومت نے اسپیشل اکنامکس زون کے مسودے کا بل تیار کر کے قومی اسمبلی اور پھر سینیٹ سے منظورکرایا،بعد ازاں صدر پاکستان نے بل پر دستخط کئے جس کے بعد بن قاسم انڈسٹریل پارک کراچی میں پہلا اکنامکس زون قائم ہوا۔ بن قاسم میں اکنامک زون بناتو سب سے پہلے جاپان کی یاہاما کمپنی نے 150 ملین کی سرمایہ کاری کی۔ اس کامیاب تجربے کے بعد اب فیصل آباد اورنو شہرہ فیروز سمیت ملک کے مختلف شہروں میں اکنامکس زون بنائے جا رہے ہیںاس اقدام سے مزید غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان آئے گی جس سے ملکی معیشت کو استحکام ملے گا۔
فیڈرل بورڈ آف انوسٹمنٹ کے شعبہ میں گراں قدر خدمات ،جاپان سمیت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے راغب کرنے سمیت پاکستان اور جاپان کے درمیانثقافتی ،سماجی اور صنعتی تعلقات کو فروغ دینے کے اعتراف میں سیدفیروزعالم شاہ کوصدر مملکت آصف علی زرداری نے اعلیٰ ترین سول ایورڈ تمغہ امتیاز سے بھی نوزا۔سید فیروز عالم شاہ نے بلوچستان کے مشکل ترین حالات میں پاکستان اور جاپان کے اقتصادی تعلقات اور دوستی کے رشتہ کو مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کیا۔
اس کے علاوہ بطورصدر پاک جاپان کلچرل سینٹر کوئٹہ کی حیثیت سے سید فیروز عالم شاہ نے جاپانی کلچر کو پاکستان کے لوگوں میں روشناش کرانے کیلئے اسلام آباد میں موجود جاپانی سفارت خانے اور جاپان قونصلیٹ کراچی کی مدد سے جاپانی کیلنڈروں کی نمائش ”ایکے بانا“سمیت بے شمار ایونٹس آرگنائز کئے۔جاپانی حکومت نے بھی پاکستان اور جاپان کے درمیان سماجی و معاشی تعلقات کوبہتربنانے میں گرانقدر خدمات کے اعتراف میں سید فیروز عالم شاہ کو جاپان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ”دی آرڈر آف رائزنگ سن گولڈ ریز ودھ روزیٹ“سے نوازا ہے۔
یہ ایوارڈ جاپان کے شہنشاہ کی جانب سے جاپان اور دوست ممالک کے درمیان اہم خدمات انجام دینے والے افراد کو دیا جاتا ہے۔ جاپان کی حکومت نے اب تک پوری دنیا میں اس سول ایوارڈ سے بائیس غیر ملکیوں کو نوازا ہے جبکہ سید فیروزعالم شاہ واحد پاکستانی ہیں جنھیںیہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ سید فیروزعالم شاہ کوبزنس سمیت دیگر شعبوں میں بے لوث خدمات سر انجام دینے پر بھی کئی ایوارڈز مل چکے ہیں۔بلا شبہ سید فیروزعالم شاہ کا شمار ان گوہر نایاب شخصیات میں ہوتا ہے جو پاکستانی معاشرے کا قیمتی سر مایہ ہیں۔ گزشتہ دنوں فیڈرل بورڈ آف انوسٹمنٹ کے اعزازی ایڈوائزرسید فیروز عالم شاہ سے کراچی میں ان کی رہائش گاہ پر ایک نشست کا اہتمام کیا ۔اس میں نمائندہ وی او این سے ہونے والی گفتگو قارئین کی خدمت میں حاضر ہے۔
سوال : آپ کے خیال میں مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفارتکار ،کس طرح پاکستان کو معاشی خودمختار بنانے میں کردار ادا کر سکتے ہیں؟
سید فیروز شاہ:میرے خیال میں مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفارتکار، پاکستان کو معاشی طور پر خودمختار بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سفارت کاری کو محض سیاسی تعلقات تک محدود رکھنے کے بجائے معاشی سفارت کاری کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھنا ہوگا۔پاکستانی سفارتکار بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات، بالخصوص ٹیکسٹائل، چاول، کھیلوں کا سامان، آئی ٹی سروسز اور زرعی مصنوعات کے لیے نئی منڈیاں تلاش کریں۔
بیرون ملک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں توانائی، زراعت، معدنیات، صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کریں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی اور باضابطہ ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے، پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور کاروباری شراکت داری قائم کرنے کی ترغیب دیں۔ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ ایسے معاہدے کروائیں جن سے پاکستان جدید ٹیکنالوجی، صنعتی مہارت اور تحقیق سے فائدہ اٹھا سکے۔
پاکستان کے تاریخی مقامات، قدرتی حسن، ثقافت اور مذہبی سیاحت کو عالمی سطح پر متعارف کروا کر زرمبادلہ کمانے کے مواقع پیدا کریں۔ پاکستانی سفارتکار دوسرے ممالک کے ساتھ ایسے تجارتی معاہدوں کے لیے کام کریں جن سے پاکستانی مصنوعات کو ترجیحی رسائی ملے اور تجارتی خسارہ کم ہو۔میزبان ممالک کی منڈیوں، سرمایہ کاری کے رجحانات، تجارتی پالیسیوں اور نئے کاروباری مواقع کے بارے میں پاکستانی حکومت اور نجی شعبے کو بروقت معلومات فراہم کریں۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، کاروباری صلاحیت اور معاشی امکانات کو مو ¿ثر انداز میں پیش کرکے عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کریں۔میرے نزدیک اس طرح پاکستان بیرونی قرضوں پر انحصار کم کرکے ایک مضبوط، خودکفیل اور پائیدار معیشت کی جانب بڑھ سکتا ہے۔
سوال : پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے آپ کیا امکانات دیکھتے ہیںاور عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان کس طرح ایک پُرکشش منزل بن سکتا ہے؟
سید فیروز شاہ:پاکستان بے شمار معاشی امکانات کا حامل ملک ہے۔ ہمارے پاس قدرتی وسائل، زرعی پیداوار، نوجوان اور باصلاحیت افرادی قوت، بڑی صارف منڈی اور خطے میں ایک اہم جغرافیائی محل وقوع موجود ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان وسائل کو جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ اور بین الاقوامی کاروباری تجربے کے ساتھ یکجا کیا جائے۔ دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان کو صرف ایک مارکیٹ کے طور پر نہیں بلکہ ایک طویل مدتی کاروباری شراکت دار کے طور پر دیکھیں، اگر سرمایہ کاری درست شعبوں میں، شفاف پالیسیوں اور مو ¿ثر منصوبہ بندی کے ساتھ کی جائے تو اس سے سرمایہ کاروں کو بھی فائدہ پہنچے گا اور پاکستان کی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔
سوال : آپ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے کیا پیغام دیں گے؟
سید فیروز شاہ:میں دنیا بھر کے سرمایہ کاروں، کاروباری اداروں ، صنعتی گروپس اور بین الاقوامی کمپنیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان کے معاشی امکانات کا سنجیدگی سے جائزہ لیں اور یہاں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ہم چاہتے ہیں کہ بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں مشترکہ منصوبے شروع کریں، مقامی صنعت کے ساتھ شراکت داری قائم کریں ، جدید ٹیکنالوجی متعارف کروائیں اور پاکستان کی برآمدات بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔غیر ملکی سرمایہ کاری کا مقصد صرف سرمایہ حاصل کرنا نہیںہے بلکہ ایسا پائیدار معاشی نظام تشکیل دینا ہے جس میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں، مقامی صنعت ترقی کرے، نوجوانوں کو جدید مہارتیں سیکھنے کا موقع ملے اور پاکستان عالمی منڈی میں اپنی پہچان مضبوط کرے۔
سوال: پاکستان کے کن شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ امکانات موجود ہیں؟
سید فیروز شاہ :پاکستان میں سرمایہ کاری کے متعدد شعبے موجود ہیں، جن میں بالخصوص زراعت اور فوڈ پروسیسنگ کا شعبہ ہے۔ جدید زرعی ٹیکنالوجی، بیجوں کی بہتری، آب پاشی، کولڈ سٹوریج، خوراک کی پراسیسنگ اور زرعی مصنوعات کی برآمدات میں سرمایہ کاری سے نمایاں معاشی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ صنعت اور مینوفیکچرنگ۔ٹیکسٹائل، انجینئرنگ، آٹو پارٹس ، صنعتی مشینری اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری میں سرمایہ کاری مقامی پیداوار اور برآمدات میں اضافے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔توانائی اور قابل تجدید ذرائع۔شمسی توانائی، ہوا سے بجلی کی پیداوار، توانائی کی بچت اور جدید توانائی کے نظام میں سرمایہ کاری ملکی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت۔ سافٹ ویئر، مصنوعی ذہانت،فن ٹیک، آئی ٹی سروسز اور ڈیجیٹل برآمدات میں پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔معدنیات اور قدرتی وسائل کا شعبہ۔
معدنی وسائل کی جدید انداز میں تلاش، محفوظ کان کنی، مقامی پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے قومی آمدن میں اضافہ ممکن ہے۔ لاجسٹکس، تعمیرات اور سیاحت کا شعبہ ۔جدید گوداموں، نقل و حمل، صنعتی زونز، سیاحتی سہولتوں اور معیاری ہوٹلنگ میں سرمایہ کاری سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
سوال :پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط، خودمختار اور مستحکم بنانے کے لیے کن اقدامات کو ترجیح دینی چاہیے؟
سید فیروز شاہ:میرے نزدیک پاکستان کی معاشی مضبوطی کے لیے چند بنیادی ترجیحات انتہائی اہم ہیں۔جن میں ملکی پیداوار میں اضافہ ہونا چاہیے۔ ہمیں ایسی صنعتوں کو فروغ دینا ہوگا جو مقامی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی منڈیوں کے لیے بھی معیاری مصنوعات تیار کریں۔ برآمدات میں اضافہ ہے۔ جب ہم زیادہ معیاری مصنوعات اور خدمات دنیا کو فروخت کریں گے تو زرمبادلہ حاصل ہوگا اور ہماری معیشت کو تقویت ملے گی۔سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول ہے۔ کاروباری طریقہ کار کو آسان بنانا، غیر ضروری تاخیر کم کرنا، پالیسیوں میں تسلسل لانا اور سرمایہ کاروں کو قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنا ضروری ہے۔ انسانی وسائل کی ترقی ہے۔ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، صنعتی مہارتوں اور کاروباری تربیت سے آراستہ کرنا ہوگا تاکہ وہ ملکی ترقی میں مو ¿ثر کردار ادا کر سکیں۔میرا یقین ہے کہ جب سرمایہ کاری، پیداوار، برآمدات اور انسانی وسائل کی ترقی کو ایک مربوط حکمت عملی کے تحت آگے بڑھایا جائے گا تو پاکستان کی معیشت زیادہ مضبوط بنیادوں پر استوار ہو سکے گی۔
سوال : بین الاقوامی سرمایہ کار کسی بھی ملک میں سرمایہ لگانے سے پہلے پالیسیوں کے تسلسل، قانونی تحفظ اور کاروباری سہولتوں کو اہمیت دیتے ہیں۔ اس حوالے سے پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد کیسے بحال کر سکتا ہے؟
سید فیروز شاہ : حکومت اور ادارے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد عملی اقدامات کے ذریعے بحال کر رہے ہیں ۔ حکومتی پالیسیوں میں تسلسل، کاروباری قوانین واضح ہیں، معاہدوں کا احترام کیا جارہا ہے اور سرمایہ کاری سے متعلق فیصلے بروقت کیے جا رہے ہیں۔بورڈ آف انویسٹمنٹ کا بنیادی کردار بھی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا، سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرنا اور متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ رابطے میں مدد دینا ہے۔ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ملازمین انتھک محنت سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سرمایہ کاروں کو مختلف سرکاری اداروں کے درمیان غیر ضروری دفتری پیچیدگیاں ختم کی گئی ہیں ، ون ونڈو سہولت، ڈیجیٹل نظام، شفاف طریقہ کار اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کی مو ¿ثر نگرانی کی جا رہی ہے۔
سوال : پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کا ایک بڑا اثاثہ ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری نوجوانوں کے مستقبل کو کس طرح بہتر بنا سکتی ہے؟
سید فیروز شاہ:پاکستان کے نوجوان ہماری سب سے بڑی طاقتوں میں سے ایک ہیں۔ اگر انہیں مناسب تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ پاکستان کی معاشی ترقی میں انقلابی کردار ادا کر سکتے ہیں۔غیر ملکی سرمایہ کاری سے نئی فیکٹریاں، آئی ٹی کمپنیاں، تحقیقی مراکز، کاروباری ادارے اور صنعتی منصوبے قائم ہو سکتے ہیں۔ ان منصوبوں سے براہ راست ملازمتوں کے علاوہ سپلائی چین، ٹرانسپورٹ، خدمات اور چھوٹے کاروباروں کے لیے بھی مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ سرمایہ کاری کے منصوبوں میں مقامی افرادی قوت کی تربیت اور پاکستانی نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافے کو بھی اہمیت دی جائے، تاکہ ترقی کے ثمرات عام شہری تک پہنچ سکیں۔
سوال: کیا غیر ملکی سرمایہ کاری سے پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں؟
سید فیروز شاہ:بالکل! معاشی ترقی صرف بڑے صنعتی منصوبوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کسی بھی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔غیر ملکی کمپنیوں اور مقامی کاروباری اداروں کے درمیان شراکت داری، سپلائر نیٹ ورک، جدید پیداواری طریقوں اور بین الاقوامی معیار کے تعارف سے ہمارے مقامی کاروبار زیادہ مضبوط ہو سکتے ہیں۔ضرورت اس بات کی ہے کہ مقامی کارو باری افراد کو مالی سہولتوں، تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور برآمدی منڈیوں تک رسائی کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں، اس طرح سرمایہ کاری کا فائدہ بڑے اداروں کیساتھ چھوٹے کاروباروں تک بھی پہنچ سکتا ہے۔
سوال :بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کی معیشت میں کس طرح اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں؟
سید فیروز شاہ:بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کے پاس سرمایہ، بین الاقوامی کاروباری تجربہ، جدید ٹیکنالوجی سے واقفیت اور دنیا بھر میں کاروباری روابط موجود ہیں۔میں بیرون ملک پاکستانیوں کو دعوت دوں گا کہ وہ پاکستان میں پیداواری صنعتوں، آئی ٹی، زراعت، برآمدات اور دیگر قابلِ عمل کاروباری منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیں۔اگر ان کے بین الاقوامی تجربے کو پاکستان کی افرادی قوت اور کاروباری صلاحیتوں کے ساتھ جوڑا جائے تو اس سے روزگار، برآمدات اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
سوال:بعض حلقوں کا خیال ہے کہ پاکستان کو معاشی خودمختاری کے لیے بیرونی قرضوں پر انحصار کم کرنا ہوگا۔ آپ اس بارے میں کیا کہتے ہیں؟
سید فیروز شاہ:معاشی خودمختاری ایک طویل مدتی قومی مقصد ہے جس کے لیے مستقل مزاجی، محنت اور درست معاشی فیصلوں کی ضرورت ہے۔ہمیں اپنی برآمدات بڑھانا، غیر ضروری درآمدات کا متبادل مقامی طور پر تیار کرنا، ٹیکس نظام کو مو ¿ثر بنانا، توانائی کے شعبے میں اصلاحات لانا اور پیداواری سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا۔یہ بھی ضروری ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کو محض قلیل مدتی مالی ضرورت پوری کرنے کے بجائے ایسی پیداواری سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے جو طویل عرصے تک آمدن، روزگار اور زرمبادلہ پیدا کریں۔ پاکستان کے پاس ترقی کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اگر قومی ترجیحات پر اتفاق رائے، پالیسیوں میں تسلسل اور اداروں کے درمیان مو ¿ثر تعاون ہو تو ہم ایک زیادہ مستحکم اور خودانحصار معیشت کی جانب پیش رفت کر سکتے ہیں۔
سوال : وہ کون سی خدمات ہیں جن کے عوض جاپان گورنمنٹ نے آپ کو جاپان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’ ’ دی آرڈر آف رائزنگ سن ‘ ‘ سے نوازا ہے ؟
سید فیروز شاہ:پاکستان سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد دو سال بعد 1980 میںمیرے والد محترم نے مجھے اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے جاپان بھیجا تھا۔تب سے میں مسلسل جاپان آجا رہا ہوں ۔اس دوران میں نے جاپان سے مختلف کورسز کی ٹریننگ بھی حاصل کیں،جاپان میں رہنے کے دوران میری تربیت بھی ہوئی،اخلاقیات اور ٹائم کی پابندی میں جاپانی قوم سر فہرست نظر آتی ہے۔ٹاپ مینجمنٹ کا کورس بھی جاپان ہی سے پاس کیا۔میرے بھائی سےد ندیم شاہ صاحب نے کوئٹہ میں 1990 میں پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی بنائی تھی،اس کے بعد جاپان حکومت نے 2000 ءمیں سید ندیم شاہ کو صوبہ بلوچستان(کوئٹہ) میں جاپان کا اعزازی قونصل جنرل بنادیا۔
اسی دوران کوئٹہ میں پاک جاپان کلچرل سینٹر کی بنیادبھی رکھی ، پہلے میرے بھائی ندیم شاہ اس کے صدر تھے ،اب کافی عرصہ سے میں اس کا صدر ہوں ۔ہم دونوں بھائیوں نے بلوچستان کے مشکل ترین حالات میں پاکستان اور جاپان کے اقتصادی تعلقات اور دوستی کے رشتہ کو مضبوط بنانے کے حوالے سے بڑی محنت کی تھی۔اس کے علاوہ ہم نے جاپانی کلچر کو پاکستان کے لوگوں میں روشناش کرانے کیلئے جاپانی سفارت خانے اور کراچی میں موجود جاپان کے قونصلیٹ کی مدد سے بے شمار ایونٹس آرگنائز کئے ۔
جس میں جاپانی کیلنڈروں کی نمائش منعقد کی جاتی ہے۔ ان کیلنڈروں کے ذریعے پاکستانی عوام کو جاپانی ثقافت اور طرزِ زندگی سمجھنے میں مدد ملی اور جدید پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے بھی واقفیت حاصل ہوتی ہے۔ ”ایکے بانا“ کی نمائش بھی لگائی جاتی ہے ۔ جاپانی پھولوں کی سجاوٹ کے فن کو ”ایکے بانا“ کہا جاتا ہے۔ اس نمائش کے دوران ”ایکے بانا“ کے ذریعے پھولوں کی زیب و آرائش کرنا بھی سکھائی جاتی ہے۔ جاپانی کھانوں سے متعلق آگہی کا بھی دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ کراٹے، اورجاپانی کیلی گرافی اور جاپانی موسیقی کو بھی پیش کی جاتی ہے۔ ”ہائیکو مشاعرہ“ بھی منعقد کیاجاتاہے۔ جاپانی زبان سیکھنے والے طلبہ وطالبات میں تقریری مقابلوں بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ بچوں کو جاپان کی طرز تعلیم اور جاپانی زبان کے حوالے سے معلومات بھی دی جاتی ہیں۔
 جاپان کے روایتی کھانوں کی چیزیںکا پروگرام بھی ہوتا ہے۔یہ تمام سرگرمیاں پاکستان اور جاپان کے مابین سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا سبب بنتی ہیں۔میرے اس جذبے اور کام کو دیکھنے کے بعد مجھے جاپان کی حکومت نے مجھے جاپان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’ ’ دی آرڈر آف رائزنگ سن ‘ ‘ سے نوازا ہے۔ میں یہ ایوارڈ حاصل کرنے والا پہلاپاکستانی اور دنیا کا 21 واں شخص ہوں۔ایوارڈ ملنے پر میں اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر گزار ہوں۔ اور جاپان حکومت کا بھی بے حد ممنون ہوں جس نے مجھے اس ایوارڈ کے قابل سمجھا۔
سوال :آپ بورڈ آف انوسٹمنٹ کے اعزازی ایڈوائزر کب بنے تھے اور اب تک کن ممالک سے پاکستان میں انوسٹمنٹ لانے میں کامیاب ہوئے ہیں؟
سید فیروز شاہ:2010 میںبورڈ آف انوسٹمنٹ کا اعزازی ایڈوائزر بنا تھا۔اس کے علاوہ میں پاکستانی حکومت کی جانب سے بنائی جانے والی پریذڈنٹ کمیٹی آن ایمرجنگ ٹیکنالوجی کے بھی ممبر ہوں ۔ بورڈ آف انوسٹمنٹ کے اعزازی ایڈوائزر کی حیثیت سے میرا بنیادی کام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی جانب راغب کرنا ہے۔میری تجویز پر حکومت پاکستان نے ملک میں اسپیشل اکنامکس زون بنائے اور مزید بن رہے ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں آرہی تھی اس لئے سرمایہ کار کو پر کش مراعات فراہم کرنے کی غرض سے ہی اسپیشل اکنامکس زون بنائے گئے ہیں۔
 اسپیشل اکنامکس زون کا مسودہ تیار کر کے پہلے قومی اسمبلی اور پھر سینیٹ سے پاس کرایا گیا،پھر صدر پاکستان نے اس بل پر دستخط کئے۔اس میں میرا بھی کرداد تھا۔ بن قاسم میں انڈسٹریل پارک کراچی میں اکنامکس زون بنا، تویاہاما پہلی کمپنی تھی جس نے اسپیشل اکنامکس زون سے فائدہ اٹھایا۔ جاپانی سرمایہ کار پاکستان آکرسرمایہ کاری کرنا چاہتے تھے پر انہیں کچھ مشکلات در پیش تھیں ،انہیں دور کرایا گیا، پالیسی میں موٹر بائیک نہیں تھی۔اس پالیسی کو تبدیل کرایاگیا ،انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ سے منظوری کے بعد اسے ای سی سی سے منظور کرایا ۔پالیسی میں تبدیلی ہوئی اور بائیک کو بھی اس میں شامل کیا گیا۔اس سے فائدہ یہ ہوا کہ یاہاما کمپنی نے150 ملین کی سرمایہ کاری کی۔ بن قاسم میں اکنامک زون بنا، اب پورے پاکستان میں اسپیشل اکنامکس زون بن رہے ہیں،نو شہرہ فیروز،فیصل آباد اور خیبر پختونخوا میں اکنامکس زون بن رہے ہیں۔ اورغیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں۔جاپان کی کئی چھوٹی بڑی کمپنیاں پاکستان آئی ہیںجن میں سے موری ناگا ،پینٹ کی بھی دو تین کمپنی پاکستان آئی ہیں۔
سوال : جاپانی سرمایہ کار پاکستان میں کن شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں ؟
سید فیروز شاہ:پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری زیادہ تر آٹو موبائل، موٹر سائیکل انڈسٹریز، اسٹیل ملز، فارمیسی کے شعبے میں ہے تاہم بلوچستان میں موجود گولڈ، کاپر، زنک اور قدرتی گیس کے ذخائر میں بھی جاپان کو سرمایہ کاری کرنی چاہےے۔ بلوچستان میں موجود معدنی وسائل کے ذخائر نہ صرف بلوچستان کی ترقی کیلئے اہم ہیں،بلکہ یہ سارے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈال سکتے ہیں۔
سوال :آپ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کیاخصوصی پیغام دیں گے؟
سید فیروز شاہ : پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کو کھلے ذہن، طویل مدتی سوچ اور ٹھوس کاروباری منصوبہ بندی کے ساتھ دیکھا جائے۔ہمیں ایسے سرمایہ کاروں کی ضرورت ہے جو پاکستان میں کاروباری مواقع تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، روزگار اور برآمدات کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔
ایک ذمہ دارانہ سرمایہ کاری کا ماحول بنانے کے لیے شفافیت، موثرادارہ جاتی تعاون، قانونی تقاضوں کی پابندی اور کاروباری سہولتوں میں بہتری بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ وہ متعلقہ سرکاری اداروں سے موجودہ قواعد و ضوابط، دستیاب سہولتوں اور اپنے شعبے سے متعلق شرائط کی تصدیق کرکے منصوبہ بندی کریں۔ پاکستان ترقی کے ایک اہم مرحلے پر ہے، اور میری خواہش ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کو ایک ایسے شراکت دار کے طور پر دیکھیں جس کے ساتھ مل کر معاشی ترقی، روزگار اور خوشحالی کے نئے امکانات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button