پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں
بلوچستان:ایگریکلچر ایمپلائز یونین میں نجیب مینگل کی ساتھیوں سمیت شمولیت
اتحاد، اتفاق ، باہمی اعتماد سے ملازمین کی فلاح وبہبود اور حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے: عبدالغفار جمالی، شاہنواز زہری
کوئٹہ:(وی او این) ایگریکلچر ایمپلائز یونین بلوچستان کے زیر اہتمام یونین میں نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کے اعزاز میں استقبالیہ ظہرانے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں نجیب مینگل نے اپنے ساتھیوں سمیت باقاعدہ طور پر ایگریکلچر ایمپلائز یونین بلوچستان میں شمولیت اختیار کرلی۔
یونین کے عہدیداران اور کارکنان نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔تقریب میں ایگریکلچر ایمپلائز یونین بلوچستان کے صدر عبدالغفار جمالی، جنرل سیکرٹری منظور احمد بلوچ، سینئر نائب صدر شاہنواز زہری، نیاز جاموٹ، اعجاز مینگل، ریاض بلوچ، تیمور شاہ، لطیف بلوچ، حاجی لعل محمد، ایوب لانگو، شفیق احمد سمیت دیگر
عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو یونین کے اغراض و مقاصد، تنظیمی ڈھانچے، ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور اجتماعی جدوجہد کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملازمین کے جائز حقوق کے حصول اور درپیش مسائل کے حل کیلئے اتحاد و اتفاق کے ساتھ مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگریکلچر ایمپلائز یونین بلوچستان کے صدر عبدالغفار جمالی نے کہا کہ کسی بھی تنظیم کی اصل طاقت اس کے اتحاد، اتفاق اور باہمی اعتماد میں مضمر ہوتی ہے، ملازمین کے جائز حقوق کے حصول، درپیش مسائل کے حل، سروس اسٹرکچر کی بہتری، ترقیوں، مراعات اور فلاح و بہبود کیلئے منظم اور متحد ہو کر جدوجہد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ایگریکلچر ایمپلائز یونین بلوچستان کے سینئر نائب صدر شاہنواز زہری نے کہا کہ انفرادی آواز کے مقابلے میں اجتماعی آواز زیادہ مو ثر اور طاقتور ہوتی ہے، اس لیے تمام ملازمین کو اپنے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کیلئے ایک مضبوط پلیٹ فارم پر متحد ہونا چاہیے۔

یونین ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی بھی سطح پر ان کے جائز مطالبات سے دستبردار نہیں ہوگی۔اس موقع پر یونین کے جنرل سیکرٹری منظور احمد بلوچ نے نجیب مینگل اور ان کے ساتھیوں کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان، باصلاحیت اور متحرک ساتھیوں کی یونین میں شمولیت سے تنظیم مزید مستحکم ہوگی اور ملازمین کے حقوق کے حصول کی جدوجہد کو نئی توانائی اور تقویت ملے گی۔
نیاز جاموٹ نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ یونین کے پلیٹ فارم سے ملازمین کے حقوق کے تحفظ، تنظیمی استحکام اور اجتماعی مفادات کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔تقریب خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں منعقد ہوئی، جہاں شرکاءنے باہمی اتحاد، یکجہتی اور تنظیمی وابستگی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔



