راولپنڈی (ویب ڈیسک) سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (پولیس) بابیکر سمرا مصطفیٰ علی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان و سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ بالخصوص سکیورٹی، انسداد دہشتگردی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
سوڈانی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان اور سوڈان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعتراف کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سوڈان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔



