لاہور (بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جدید سمارٹ پولیسنگ نظام متعارف کرانے کے لیے سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ نئے نظام کے تحت پنجاب بھر میں ضلع، سرکل اور پولیس اسٹیشن کی سطح پر پولیس افسران کی کارکردگی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کی کارکردگی کا بھی باقاعدہ تجزیہ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کرائم سرویلنس یونٹ کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسران سے گفتگو کی۔ اس موقع پر یونٹ کے سربراہ عثمان تنویر نے انہیں نظام کے مختلف پہلوؤں اور طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ نے ایف آئی آر کے اندراج میں بلاجواز تاخیر کی شکایات پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ کے ڈیٹا کا درست استعمال یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے پولیس کے بارے میں منفی پروپیگنڈے پر فوری ردعمل دینے کی بھی ہدایت کی، جبکہ اجلاس میں آئی جی پنجاب پولیس سے اصلاحات کا پلان طلب کر لیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے نظام کے تحت پنجاب کے ہر تھانے میں جرائم سے متعلق تازہ ترین مکمل ڈیٹا ایک کلک پر دستیاب ہوگا۔ ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت تمام متعلقہ پولیس افسران کی کارکردگی کا تجزیہ کیا جائے گا۔ شہریوں کی ہر شکایت اور درخواست کا بروقت ازالہ ممکن ہوگا، جبکہ تاخیر کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی کی جا سکے گی۔
کرائم سرویلنس یونٹ میں 20 مختلف کیٹیگریز کے جرائم کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔ یونٹ میں موجود ماہرین فوری طور پر ڈیٹا اینالیسس رپورٹس تیار کریں گے، جبکہ سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق متعلقہ پوسٹس کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کو ہر قسم کے جرائم سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔ کرائم سرویلنس یونٹ کے قیام کا مقصد جرائم کے خاتمے کی مہم کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔ اچھے اور برے لوگ ہر جگہ موجود ہوتے ہیں، لیکن چند افراد کی وجہ سے پوری پولیس فورس کو تنقید کا نشانہ بنانا درست طرزِ عمل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ چند افراد کی وجہ سے پولیس کی مجموعی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگانا مناسب نہیں۔ پنجاب میں مؤثر اصلاحات کے باعث جرائم کی شرح میں کمی کا تاریخی رجحان خوش آئند ہے۔
جعلی کورٹ فیس کے خلاف کارروائی پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو خراج تحسین
دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کورٹ فیس میں جعلسازی کرنے والے مافیا کے خلاف کارروائی پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے جعلی کورٹ فیس ٹکٹوں کے ذریعے قومی خزانے کو ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف چیف جسٹس کا تاریخی ایکشن قابلِ تحسین ہے۔ ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مافیاز حقیقی معنوں میں قومی مجرم ہیں۔ کرپشن اور جرائم کے خلاف عدلیہ اور انتظامیہ کا ایک پیج پر ہونا بہتری کی نوید ہے۔ انہوں نے پنجاب میں کرپشن کے خاتمے کی کوششوں میں چیف جسٹس کی معاونت پر بھی شکریہ ادا کیا۔
تونسہ میں بلائنڈ ڈولفن ریزارٹ کے افتتاح کا اعلان
مزید برآں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیغام کے ذریعے تونسہ بیراج کے مقام پر کوٹ ادو میں ٹی ڈی سی پی بلائنڈ ڈولفن ریزارٹ کے افتتاح کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ تصور کریں کہ صبح سویرے چائے کی چسکی لیتے ہوئے نایاب بلائنڈ دریائی ڈولفن کو دریائے سندھ کی لہروں پر اچھلتے ہوئے دیکھا جائے۔ انہیں ٹی ڈی سی پی بلائنڈ ڈولفن ریزارٹ کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ریزارٹ دریائے سندھ کے کنارے 120 کنال رقبے پر قائم کیا گیا ہے، جو عالمی سیاحتی معیار کے مطابق ماحول دوست تفریحی مقام ہوگا۔ یہاں شاندار مہمان نوازی، دلفریب ٹیرس ویوز، پرتکلف ڈائننگ اور جنگلی حیات کے تحفظ کے احساس کو یکجا کیا گیا ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تونسہ ٹی ڈی سی پی بلائنڈ ڈولفن ریزارٹ سیاحوں کو پاکستان کے قدرتی ورثے کو قریب سے دیکھنے کا منفرد موقع فراہم کرے گا۔ یہ ریزارٹ پاکستان کی منفرد آبی مخلوق کو قریب سے دیکھنے کا نادر موقع ہوگا۔
بھکر ٹریکٹر ٹرالی حادثہ، قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس
ادھر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بھکر کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔



