اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے 100 فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو واضح لائحہ عمل، مقررہ مدت اور اہداف پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ کیش لیس معیشت کا فروغ حکومت کی اہم ترین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں نقد رقم کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارت خزانہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے وزارت خزانہ اور ریاستی اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کے قیام کے لیے جاری پیش رفت کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں صارفین کو پیش آنے والی مشکلات فوری طور پر دور کی جائیں۔
شہباز شریف نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی فراہمی، ٹیکنالوجی تک عوام کی آسان رسائی اور ڈیجیٹل لین دین کے لیے ضروری سہولیات یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے راست کیو آر کوڈ کے ذریعے صارفین اور کاروباری مراکز کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کا منصوبہ حکومتی سرپرستی میں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ راست کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کا نظام حکومت کے کیش لیس معیشت کے وژن کو عملی شکل دینے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔
وزیراعظم نے بجلی اور گیس کے صارفین کو یوٹیلیٹی بلوں پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیاں کرنے کی ترغیب دینے کے لیے مؤثر ذرائع ابلاغ کی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام وزارتوں اور سرکاری اداروں کو کیش لیس معیشت کے منصوبے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں میں ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے کا عمل تیزی سے جاری ہے اور بیشتر اداروں کی تمام ادائیگیاں دسمبر 2026ء تک ڈیجیٹل نظام پر منتقل کر دی جائیں گی۔
بریفنگ کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحقین کو 100 فیصد ادائیگیاں ڈیجیٹل بٹوؤں کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کی صورت میں بھی ڈیجیٹل ادائیگیوں کو ممکن بنانے کے لیے جدید نظام متعارف کرانے پر کام جاری ہے، جبکہ ملک بھر میں انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کا عمل بھی تیز کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 15 نومبر 2026ء سے آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کے ذریعے چیک کی صورت میں ادائیگیاں ختم کر دی جائیں گی، جبکہ 16 نومبر سے ان اکاؤنٹس کی تمام ادائیگیاں راست کے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران (ڈی ڈی اوز) کو تربیت بھی فراہم کی جا چکی ہے۔
ٹی ڈی اے پی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری، برآمدات بڑھانے کے لیے اصلاحات کا فیصلہ
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی برآمدات کے فروغ، ملکی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار سمیت مقامی صنعتوں کو برآمدی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ٹی ڈی اے پی کی کارکردگی اور اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے لیے ملکی صنعتوں میں تیار ہونے والی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ جدید خطوط پر استوار ٹی ڈی اے پی اس مقصد کے حصول کی راہ ہموار کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ زرعی مصنوعات کی برآمدات کے لیے مکمل ایکو سسٹم تشکیل دیا جائے گا، جس میں پوری ویلیو چین شامل ہوگی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شفاف طریقے سے میرٹ پر اچھی تربیت یافتہ افرادی قوت کو ٹی ڈی اے پی کا حصہ بنایا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اصلاحات اسی وقت ممکن ہیں جب اداروں میں ترقی کو اہداف کے حصول اور کارکردگی سے مشروط کیا جائے۔ انہوں نے ادارے کے پرفارمنس اور فنانشل آڈٹ کے لیے اچھی شہرت کی حامل نجی آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی برآمدی استعداد وسیع ہے اور ملک کا جغرافیائی محل وقوع بھی انتہائی موزوں ہے۔ برآمدات میں اضافے کے لیے صنعتوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ان صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔
اجلاس کو ٹی ڈی اے پی کی موجودہ کارکردگی اور ادارہ جاتی ڈھانچے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں موجودہ نظام کو درپیش چیلنجز سے بھی آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں عالمی سطح پر مؤثر تجارتی فروغ کے اداروں کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ جدید ادارے مقامی منڈیوں کی ترقی، عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمد کنندگان کی استعداد میں اضافے اور برآمدات کے فروغ کے لیے مربوط خدمات فراہم کرتے ہیں۔
ٹی ڈی اے پی کو عالمی معیار کے تجارتی فروغ کے ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے مختلف اصلاحات بھی پیش کی گئیں۔ ان میں ادارے کے دائرہ کار کو آٹھ بنیادی افعال تک محدود کرنا، بورڈ اور انتظامی ڈھانچے کی تنظیم نو، علاقائی نیٹ ورک کو مؤثر بنانا، ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور مصنوعی ذہانت کا استعمال، جبکہ کارکردگی جانچنے کے لیے قابلِ پیمائش اشاریوں اور آزادانہ تھرڈ پارٹی جائزے کا نظام متعارف کرانا شامل ہے۔
مجوزہ اصلاحات پر عمل درآمد کے لیے منظوری، ڈیزائن، نفاذ اور آزادانہ جانچ پر مشتمل 12 ماہ کا مرحلہ وار منصوبہ بھی پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اصلاحات آئندہ برس کے وسط تک مکمل کرکے ان کا عملی اطلاق یقینی بنایا جائے۔



