سلمیٰ اعوان کی صدارت میں حلقہ ارباب ذوق کا تنقیدی اجلاس، تین ادبی تخلیقات کامیاب قرار

لاہور (شہزاد فراموش) حلقہ ارباب ذوق کے رواں سیشن کا 28واں تنقیدی اجلاس پاک ٹی ہاؤس لاہور میں منعقد ہوا۔ معروف ادیبہ سلمیٰ اعوان نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں عدنان بشیر کی نظم ’’عورت نامہ‘‘، شفق لاشاری کے مضمون ’’چٹھیاں‘‘ اور عدیل برکی کی غزل پر تنقیدی گفتگو کی گئی۔ صدر اجلاس نے تینوں ادبی تخلیقات کو سراہتے ہوئے کامیاب قرار دیا۔
اجلاس کا آغاز حلقہ ارباب ذوق کے جوائنٹ سیکرٹری شہزاد فراموش نے گزشتہ اجلاس کی کارروائی پیش کرکے کیا۔ بعد ازاں عدنان بشیر نے اپنی نظم ’’عورت نامہ‘‘ پیش کی۔ نظم پر شرکاء نے اپنی آراء اور تاثرات کا اظہار کیا۔

گفتگو کے اختتام پر صدر اجلاس سلمیٰ اعوان نے شرکاء کی مثبت آراء کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سبھی نے خوبصورت باتیں کی ہیں اور ان کے خیال میں یہ کافی ہے۔ انہوں نے عدنان بشیر کو کامیاب نظم پیش کرنے پر مبارکباد بھی دی۔
اس کے بعد شفق لاشاری نے اپنا مضمون ’’چٹھیاں‘‘ پیش کیا۔ مضمون پر شرکاء نے تفصیلی تنقیدی گفتگو کی۔ سلمیٰ اعوان نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ اس تحریر میں عام لوگوں کا لاہور نہیں بلکہ اشرافیہ کا لاہور دکھائی دیتا ہے۔ اس میں ساٹھ، ستر اور اسی کی دہائی کے لاہور کو محفوظ کیا گیا ہے، جو ایک اہم ادبی اور تاریخی کام ہے۔ انہوں نے شفق لاشاری کو اس کاوش پر مبارکباد پیش کی۔
اجلاس میں عدیل برکی کی غزل بھی تنقیدی جائزے کے لیے پیش کی گئی۔ اس موقع پر سلمیٰ اعوان نے کہا کہ غزل میں معنی اور موسیقیت دونوں خوبصورتی سے موجود ہیں۔ انہیں یہ غزل پسند آئی۔ شرکاء کی گفتگو کے بعد اسے بھی کامیاب قرار دیا گیا۔
بعد ازاں راولپنڈی سے آئے ہوئے مہمان شاعر ناصر علی ناصر نے اپنا کلام پیش کیا۔ شرکاء نے ان کے کلام میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔
اجلاس کے اختتام پر حلقہ ارباب ذوق کے سیکرٹری آفتاب جاوید نے آئندہ اجلاس کے حوالے سے اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اگلا اجلاس قائداعظم لائبریری میں ’’کتابوں کا طلسم ہوشربا‘‘ کے عنوان سے منعقد ہوگا، جس کی صدارت معروف شاعر خورشید رضوی کریں گے۔
حلقہ ارباب ذوق کے اس تنقیدی اجلاس میں مجموعی طور پر 56 افراد نے شرکت کی۔ اجلاس میں ادبی تخلیقات کے تنقیدی جائزے اور اہل قلم کی حوصلہ افزائی کے ذریعے ادبی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رہا۔



