
لاہور (سلمان حسین) پاکستان اور بنگلہ دیش نے دوطرفہ فٹبال تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں کھلاڑیوں اور کوچز کے تبادلے، تکنیکی تعاون اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں سمیت مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
اس حوالے سے فیصلہ بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان اور پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے حکام کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات میں کیا گیا۔ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں چیف آپریٹنگ آفیسر محمد شاہد نیاز کھوکھر نے ان کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران شاہد نیاز کھوکھر نے پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کے پاکستان میں فٹبال کی ترقی سے متعلق وژن سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن پائیدار حکمت عملی کے تحت فٹبال گورننس میں بہتری، انفراسٹرکچر کی ترقی اور کھیل کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے گراس روٹ لیول پر فٹبال کے فروغ، نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور تربیت کے ساتھ خواتین اور نوجوانوں کو کھیل کے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کھلاڑیوں، کوچز اور تکنیکی عہدیداروں کے تبادلے، فنی مہارت سے استفادے اور مشترکہ فٹبال ایونٹس کے انعقاد سمیت مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔ ان اقدامات سے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے مواقع مل سکیں گے۔
اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فٹبال سمیت کھیلوں کے ذریعے پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کے درمیان روابط کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے اور دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو کھیلوں کے شعبے میں عملی تعاون میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔



