انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

ناظم الامور نیٹلی بیکر پاکستان میں نئی امریکی سفیر نامزد

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان میں امریکی سفارتخانے کی موجودہ ناظم الامور نیٹلی بیکر کو پاکستان میں امریکہ کی نئی سفیر نامزد کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ان کی نامزدگی منظوری کے لیے امریکی سینیٹ کو بھجوا دی گئی ہے۔ سینیٹ کی توثیق کے بعد وہ باضابطہ طور پر پاکستان میں امریکی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھال سکیں گی۔

وائٹ ہاؤس کے 9 نومبر 2026ء کے اعلان کے مطابق نیٹلی بیکر امریکہ کی سینئر فارن سروس کی کیریئر سفارتکار ہیں اور انہیں پاکستان میں سفیر مقرر کرنے کی نامزدگی سینیٹ کو ارسال کی گئی ہے۔ امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی نامزدگی کا جائزہ لے گی، جس کے بعد منظوری کے لیے اسے مکمل سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ نیٹلی بیکر نے جنوری 2025ء میں اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے میں بطور ناظم الامور ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ وہ اگست 2024ء میں پاکستان میں ڈپٹی چیف آف مشن کے طور پر تعینات ہو کر آئی تھیں۔ اس سے قبل وہ اگست 2021ء سے جولائی 2024ء تک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی سفارتخانے کی ڈپٹی چیف آف مشن رہ چکی ہیں۔

نیٹلی بیکر اس کے علاوہ لیبیا میں امریکی مشن کی ڈپٹی چیف آف مشن اور ناظم الامور، دبئی میں امریکی قونصل خانے کے ایران ریجنل پریزنس آفس کی ڈپٹی ڈائریکٹر اور کویت میں امریکی سفارتخانے میں اقتصادی مشیر کے عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

انہوں نے پرنسٹن یونیورسٹی سے بیچلرز جبکہ ہارورڈ یونیورسٹی کے کینیڈی اسکول آف گورنمنٹ سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ وہ امریکہ کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل وار کالج کی 2017ء کی ممتاز گریجویٹ بھی ہیں۔

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جیفری کولائر کو متحدہ عرب امارات، سنتھیا کیرشٹ کو سینیگال جبکہ ایان میک کیری کو مالی میں امریکہ کا سفیر نامزد کیا ہے۔ ان نامزدگیوں کو بھی منظوری کے لیے امریکی سینیٹ بھجوایا گیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button