پاکستانتازہ ترین

کرپشن کے الزام لگانے والے حکومت میں کیوں بیٹھے ہیں؟ استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں: مریم نواز

پنجاب میں کرپشن کا ایک واقعہ بھی برداشت نہیں کروں گی، ہزاروں ارب کے منصوبوں میں ایک روپے کی کرپشن ثابت کر دیں، وزیراعلیٰ کا جہلم میں سکالرشپس اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

لاہور (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن کے الزامات لگانے والے لوگ حکومت میں کیوں بیٹھے ہیں، انہیں چاہیے کہ استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں۔ پنجاب میں اگر کسی وزیر کے کرپشن کرنے یا رشوت لینے کا علم ہوا تو اسے کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔ ہزاروں ارب روپے کے منصوبوں میں ایک روپے کی کرپشن ثابت کر دی جائے تو جواب دینے کے لیے تیار ہوں۔

جہلم میں سکالرشپس اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جیسے جیسے انتخابات قریب آ رہے ہیں، بعض لوگوں کو تکلیف ہونا شروع ہو گئی ہے۔ ایسے افراد جہاں سے اٹھ کر آئے ہیں، ان کے بارے میں سب کو معلوم ہے۔ بقول وزیراعلیٰ، بعض لوگ اگلے انتخابات کے لیے اپنی جگہ پکی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کرپشن نہیں ہوتی؟ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن کا ایک پورا نیٹ ورک موجود تھا، جبکہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں کی وزیراعلیٰ روزانہ کرپشن کے واقعات بے نقاب کرتی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی حکومت مظلوم افراد کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک دکان کے مالک نے خاتون کو تھپڑ مارے تو متاثرہ خاتون کو تھانے بلوا کر کہا کہ وہ اس مالدار شخص کو جواب دے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج نوجوانوں کے ہاتھوں میں پٹرول بم یا پتھر نہیں بلکہ لیپ ٹاپ ہیں۔

جہلم میں جمنیزیم کا افتتاح کرنےکے بعد بیڈمنٹن کھیل رہی ہیں

وزیراعلیٰ نے ہونہار طلبہ کو اپنے آج کے ہیروز اور سپر ہیروز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور کوششیں انہیں کامیابی کے مقام تک لے کر آئی ہیں۔ طلبہ کے خواب پورے ہو رہے ہیں اور ان کی کامیابی پر والدین بھی اتنے ہی خوش ہیں جتنے خود بچے ہیں۔ انہوں نے والدین کی محنت، قربانیوں اور کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جہلم کی سرکاری یونیورسٹی کے 115 طلبہ اور نرسنگ کالج کی 42 طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے، جبکہ 109 طلبہ کو تقریباً 25 لاکھ روپے کے ہونہار سکالرشپس دیے گئے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ، فون اور سکالرشپس طلبہ کا حق ہیں اور یہ ان کی محنت کا صلہ ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل قوم کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔ ہر بچہ پاکستان کا مستقبل ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ نوجوان اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کے ذریعے ملک اور اپنی مٹی کا نام روشن کریں۔

سکوٹیز حاصل کرنے والی طالبات کو ہدایت کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے ہیلمٹ لازمی پہنیں۔ طالبات کو مکمل ڈرائیونگ ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین نے بچیوں کو بہت محبت سے پالا ہے، اس لیے انہیں اپنی جان اور سلامتی کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ بڑی تعداد میں سکوٹیز تیار ہونے کے باعث ان کی تقسیم میں تاخیر ہوئی، تاہم بہت جلد سکوٹیز کی پہلی تقسیم شروع کر دی جائے گی۔

مریم نواز نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ گمراہ کن باتوں کے بجائے حقائق جانیں اور اپنی قابلیت و کامیابیوں کے ذریعے ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں پاکستان کا پرچم دیکھنا چاہتی ہیں۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب کی جہلم آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اولڈ جی ٹی روڈ، جادہ، سول لائنز روڈ اور شاندار چوک سمیت مختلف علاقوں میں شہریوں کی بڑی تعداد وزیراعلیٰ کے استقبال کے لیے موجود تھی۔ سڑکوں پر سجائے گئے گھوڑوں نے گھڑ ڈانس کا مظاہرہ کیا، جبکہ کارکنوں نے وزیراعلیٰ کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، جس سے گاڑی پھولوں سے ڈھک گئی۔ مختلف مقامات پر مریم نواز کی تصاویر سے مزین خیرمقدمی بینرز اور پوسٹرز بھی آویزاں کیے گئے۔ وزیراعلیٰ ہاتھ ہلا کر استقبال کرنے والے شہریوں کے نعروں اور محبت کا جواب دیتی رہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button